• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول بھٹو کا عمران خان کو سیاست سیکھنے کا مشورہ

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو سیاست کے اصول سیکھنے کا مشورہ دے دیا اور کہا کہ خان صاحب نے جتنے دعویٰ کئے وہ سب فراڈ نکلے،افلاطونی حکومت کو آج تک پتہ نہیں چلا کہ ڈالر کی قیمت کیوں بڑھی۔

کوٹری میں جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ کرکٹ میں امپائر کی انگلی اور سیاست میں عوام کی مرضی چلتی ہے، خان صاحب اصولوں کی سیاست سے پہلے سیاست کے اصول تو سیکھیں۔


ان کا کہنا تھا کہ ہم جعلی جھوٹی جے آئی ٹی رپورٹ کو نہیں مانتے، انتقامی سیاست کا مقابلہ کریں گے،ای سی ایل، نیب اور جیل کی دھمکیوں سے نہیں ڈرتے،تم تو کٹھ پتلی ہو، بے نامی وزیراعظم ہو۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ سندھ کی بجلی،پانی اور گیس تک بند ہے،صرف اس لئے کہ یہاں کے عوام کٹھ پتلیوں کو ووٹ نہیں دیا، حکومت کے سبز باغ عوام کےلئے کانٹوں کا ہار بن گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کوپگڑیاں اچھالنے کے علاوہ کچھ نہیں آتا، ہمارے صبر کا امتحان نہیں لیں،انتقامی سیاست کا مقابلہ کریں گے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ پی ٹی آئی کو حکومت صرف دھاندلی کی وجہ سے ملی ہے،ایک نااہل وفاقی حکومت سندھ اور عوام سے سوتیلا سلوک کرنے پر ڈٹی ہوئی ہے، عوام کو پیپلز پارٹی کو ووٹ دینے کی سزا دی جارہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہاکہ آپ نے اصولوں کی سیاست کا دھوکا دے کر عوام کے ووٹ چوری کرلیے،آپ نے اقتدار تو حاصل کرلیا، لیکن قوم کا وقار قائم نہ رکھ سکے۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ آپ اور آپ کے لاڈلوں نے حکومت تو حاصل کی لیکن وعدوں کی پاسداری نہ کرسکے، عوام مہنگائی کی سونامی میں ڈوب رہے ہیں،50 لاکھ گھر دینے والوں نے لوگوں کے سروں سے چھت بھی چھین لی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مہنگائی کا طوفان پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے، حکومتی وزیروں کی دیدہ دلیری دیکھیں، وہ کہہ رہے ہيں مہنگائی کم ہوئی ہے،آپ کی آنکھوں پر غرور کی پٹی ہے، دماغ طاقت کے نشے میں ہے،آپ کا دل بے حسی سے پتھر ہوچکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام کو دیوار سے کیوں لگایا جارہا ہے،سندھ کےعوام کو صرف اس لیے سزا دی جارہی ہے کہ وہ بھٹو شہید سے وفاداری کرتےہیں ۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ اگر عوام نے اسلام آباد پر چڑھائی کا فیصلہ کرلیا تو تمہاری جعلی حکومت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیں گے،تم ہمارے صبر کا امتحان مت لو، تم سے پہلے بھی بہت فرعون آئے، ان کے انجام سے سبق سیکھو۔

پیپلز پارٹی کےجیالوں کو مت للکارو،زہریلی زبان سے عوام کے زخموں پر مرہم نہیں رکھا جاسکتا،افلاطونی حکومت کو آج تک پتہ نہیں چلا کہ ڈالر کی قیمت کیوں بڑھی،انڈوں اور مرغیوں سے فارن ایکس چینج ریزرو بنانے والی حکومت کو پتہ نہیں چل سکا کہ ایک دن میں 500 ارب کا قرضہ کیسے بڑھا۔

تازہ ترین