• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی ہدایت پر پولیس اور اے این ایف کا آپریشن،بھاری منشیات برآمد

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم کی ہدایت پر اسلام آباد میں منشیات فروشوں کیخلاف پولیس اور اے این ایف کے مشترکہ کریک ڈائون میں بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی گئیں۔ ٹارگیٹڈ آپریشن تھانہ بھارہ کہو اور ترنول کی حدود میں ڈورے اور اٹھال کے علاقوں میں کیا گیا۔ بریگیڈئر سید مبشر کاظمی‘ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل علی راجہ اور ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد وقار الدین سید نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اے این ایف کی سینئر کمانڈ نے کے نائن ڈاگ یونٹ کے ہمراہ آپریشن میں حصہ لیا۔ ایڈیشنل ایس پی‘ ایس پی انوسٹی گیشن‘ چاروں زونل ایس پیز‘ ڈی ایس پیز‘ ایس ایچ اوز بھی ہمراہ تھے۔ ضلع بھر سے 49ملزمان کو گرفتار کر کے ساڑھے 41کلو چرس‘ اڑھائی کلو ہیروئن سمیت ناجائز اسلحہ برآمد کر کے مقدمات درج کر لئے گئے۔ آپریشن کی حکمت عملی آئی جی محمد عامر ذوالفقار اور ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عارف ملک نے میٹنگ کے دوران طے کی تھیں۔ تھانہ کوہسار اور سیکرٹریٹ پولیس نے ایک عورت سمیت 6ملزمان کو گرفتار کر کے 31لاکھ کا مسروقہ سامان بھی برآمد کرلیا۔
تازہ ترین