• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے آر ایل نے سوئی سدرن کو ہراکر پریمیئر لیگ فٹ بال ٹائٹل جیت لیا

اظہار اللہ کی شاندار کارکردگی کی بدولت خان ریسرچ لیبارٹریز (کے آر ایل) نے پانچویں بار پاکستان پریمیئر لیگ فٹ بال کا چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ پاکستان ایئرفورس نے لیگ میں دوسری اور سوئی سدرن گیس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

کے آر ایل نے سوئی سدرن گیس کمپنی کی پہلی بار چیمپئن بننے کی تمام امیدوں کوخاک میں ملادیا۔ میچ کی مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا تھیں، اس موقع پر رکن قومی اسمبلی اور پی ایف ایف کے نائب صدر ملک عامر ڈوگر، پی ایف ایف کے صدر اشفاق حسین، قائم مقام سیکرٹری شرافت حسین شاہ بخاری، کرنل (ر) یونس چنگیزی، میاں رضوان علی، علی بہار بروہی، ناصر کریم، جمیل ہوت، کرنل (ر) بصیر عالم، میجر (ر) ریاض محمود، علی نواز، احمدجان، حسن بلوچ، دانش بلوچ، ناصر اسماعیل، بیرسٹر طحہ علی زئی، طارق لطفی، زیب خان، صدیق پٹنی اور دیگر بھی موجود تھے۔

رنگا رنگ تقریب میں فہمیدہ مرزا نے فاتح ٹیم کو12 لاکھ روپے کیش ایوارڈ اورونر ٹرافی، رنرز اپ ایئرفورس کو 9 لاکھ روپے انعام اور ٹرافی جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ایس ایس جی سی کی ٹیم کو 6 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی۔ اس موقع پر لیاری کا روایتی لیوا (جنگلی) ڈانس بھی پیش کیا گیا۔ ملکی تاریخ کی کھیلی جانے والی بارہویں پریمئر لیگ اس لحاظ سے منفرد حیثیت اختیار کرگئی تھی کہ اس سے قبل گیارہ بار ہونے والی لیگ کے فائنل سے قبل چیمپئن ٹیم کا پوائنٹس کی بنیاد پر اعلان ہوجاتا تھا لیکن اس 2018ء کی لیگ میں فائنل میچ سے قبل کے آر ایل، سوئی سدرن گیس کمپنی اور پاکستان ایئرفورس کے درمیان چیمپئن بننے کیلئے انتہائی دلچسپ صورتحال تھی۔

آخری میچ سے قبل کے آر ایل کے 48، سوئی سدرن گیس کمپنی کے 50 اور پاکستان ایئرفورس کے 51 پوائنٹس تھے۔ ٹاپ ٹیم بننے کیلئے کے آر ایل کو میچ میں چار کے مقابلے میں صفرکی ناقابل یقین کامیابی درکار تھی جو اس نے کھیل کے دوسرے ہاف میں حاصل کرلی۔ کے پی ٹی فٹ بال اسٹیڈیم پر کھیلا جانے والا سوئی سدرن گیس اور کے آر کے درمیان میچ میں کے آر ایل چیمپئن بننے کا جذبہ لیکر گرائونڈ میں آئی اور آتے ہی مخالف ٹیم پر حملے شروع کردیئے اور سوئی سدرن گیس کا دفا تہس نہس کرکے رکھ دیاتھا۔

10 ویں منٹ میں میچ کا پہلا گول کے آر ایل کے افتخار علی خان نے کیا۔ 20 ویں منٹ میں اظہار اللہ نے برتری ڈبل کی۔ 26 ویں منٹ میں جنید نے ٹیم کا تیسرا گول کیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر کے آر ایل کی برتری 3-0 تھی۔ چیمپئن بننے کیلئے درکار چوتھا گول اظہار اللہ نے دوسرے ہاف کے چھٹے منٹ میں کرکے ٹیم کو ناقابل یقین کامیابی دلوائی۔

دریں اثنا بین الصوبائی رابطہ کی وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان میں کھیلوں کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے وہ اب برداشت نہیں کیا جائے گا، تمام اسپورٹس فیڈریشنوں کے حسابات کا آڈٹ کرانے کا کہہ دیا ہے، 18 ویں ترمیم کے نام پر سیاست ہورہی ہے اسے ناکام بنایا جائے گا، ہمارے ملک میں جتنا ٹیلنٹ ہے اتنا دنیا کے کسی حصے میں نہیں ہے، پرائیویٹ اور بااثر لوگوں کو کھیلوں کی سرپرستی کرنی ہوگی۔انھوں نے کہا کہ شخصیات آتی جاتی رہتی ہیں۔

اصل مسئلہ نظام کو سنبھالنا ہے، لیاری کے کھلاڑیوں نے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا، اگر اسی طرح پسماندہ علاقوں کے کھلاڑیوں کو سہولتیں ملیں تو وہ ہر ہر جگہ انٹرنیشنل ایونٹس جتیں گے۔ میں پرائیویٹ اور بااثر افراد سے درخواست کروںگی کہ اپنے ملک کیلئے تھوڑا بہت کردار ادا کریں اور ہماری نسلوں کی بھلائی کیلئے کھیلوں کو اسپانسر کریں۔ فٹ بال کا کھیل ریوائیو ہورہا ہے۔ مستقبل میں یہاں سے بھی بہترین کھلاڑی سامنے آئیں گے۔ میں چاہتی ہوں کہ ہمارے بچے ورلڈ کپ، اولمپکس اور دیگر عالمی مقابلوں میں شرکت کریں۔ کھیلوں کو مکمل طور پر سپورٹ کیا جائے گا۔

تازہ ترین