• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’ایسے کھیل کا حصہ نہیں جس کافائدہ کرپٹ لوگوں کو ہو‘

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ایسے کھیل کا حصہ نہیں بنیں گے جس کا فائدہ کرپٹ و بددیانت لوگوں کو ہو۔

ایک بیان میں سراج الحق نے کہا کہ 6 ماہ میں حکومت عوام کو غربت،مہنگائی، بے روزگاری سے معمولی ریلیف بھی نہیں دے سکی۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیکسوں اور قیمتوں کو بڑھا کر لوگوں کا خون نچوڑنا معاشی منصوبہ بندی نہیں ظلم اور استحصال ہے۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ قوم سیاسی تماشا دیکھنے کی بجائے اپنے مسائل کا حل چاہتی ہے، حکومت آنے والے ضمنی بجٹ میں قیمتوں میں اضافہ کرنے کی بجائے کمی کا اعلان کرے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کا پہیہ آگے بڑھنے کی بجائے الٹا گھوم رہا ہے، جماعت اسلامی کسی ایسے کھیل کا حصہ نہیں بنے گی جس سے کرپٹ و بددیانت لوگوں کو فائدہ ہو۔

امیر جماعت اسلامی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک کو لوٹنے والوں کا ٹھکانہ جیل ہے اقتدار کے ایوان نہیں، موجودہ حکومت ابھی تک احتساب کو موثر بنانے میں مکمل ناکام رہی ہے۔

تازہ ترین