• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بگ بیش،امپائر کی بھول،اوور کی 7ویں گیند پر بیٹسمین آئوٹ قرار

ملتان (اسپورٹس ڈیسک) کرکٹ میں استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی بھی امپائر کی غلطی یا بھول چوک نہ پکڑسکی،بیٹسمین اوور کی 7 ویں گیند پر آئوٹ ہوکر باہر جانے پر مجبور ہوگیا۔ واقعہ بگ بیش لیگ کے میچ میں پیش آیا ، جب پرتھ اسٹیڈیم میں سڈنی سکسرز کےخلاف پرتھ اسکارچرز کے بیٹسمین مائیکل کلنگر اوور کی 7 ویں گیند کھیلتے ہوئے تھرڈ مین پوزیشن پر لو کیچ آئوٹ ہوئے۔ امپائر نے تصدیق کے لئے تھرڈ امپائر سے رابطہ کیا تو واضح ہوا کہ امپائر کی بھول سے یہ 7 ویں گیند تھی۔ بیٹسمین نے اس بات پر امید رکھی کہ انہیں واپس بلایا جائے تاہم کرکٹ قانون کے مطابق ایسی کوئی بھی غلطی پر امپائر کا فیصلہ حتمی رہے گا، چنانچہ اضافی گیند ملنے کے باوجود ٹیم خوش تھی اور نہ ہی بیٹسمین راضی ہوئے۔دریں اثنا آٹھویں بگ بیش لیگ میں سڈنی تھنڈر نے چوتھی فتح کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔ اتوار کو سڈنی تھنڈر نے ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کو 71 رنز سے شکست دی۔ فاتح ٹیم نے6 وکٹوں پر 168 رنز بنائے، کپتان شین واٹسن نے 5 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، راشد خان اور بلی اسٹین لیک نے 2، 2 وکٹیں لیں، ناکام ٹیم17.4 اوورز میں 97 رنز پر ڈھیر ہو گئی، کولن انگرام 48 رنز بنا کر نمایاں رہے۔اسی روز دوسرے میچ میں برسبین ہیٹ نے میلبورن رینی گیڈز کو شکست دے دی، برسبین ہیٹ نے 4 وکٹوں پر 192 رنز بنائے، برینڈن میک کولم نے 69 اور کپتان کرس لین نے 66 رنز کی دلکش اننگز کھیلیں، حریف ٹیم17.5 اوورز میں 91 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ ڈوگٹ اور سوپسن نے تین، تین اور لالور نے دو وکٹیں لیں۔
تازہ ترین