• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیچر ز ٹریننگ پروگرام اختتام پذیر، لاکھوں کے اخراجات، متعدد اساتذہ خلاف ضابطہ پروگرام میں شامل

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی محکمہ تعلیم کے تحت ہیڈماسٹرز کی جاری ٹیچرز ٹریننگ تربیت اختتام پذیر ہو گئی ہے اس ٹیچرز ٹریننگ میں لاکھوں روپے خرچ ہو گئے اور ایسے درجنوں افراد کو تربیت فراہم کر دی گئی جو متعلقہ گریڈ نہ ہونے کے باعث یا تو اہل نہیں تھے یا پھر ان پر کرپشن کے الزامات تھے، کراچی میں کریم آباد پر تربیت منعقد کی گئی اور قواعد کے خلاف ٹیچرز کے نام بھی تربیت کے لیے بھجوائے گئے جو دو چارج رکھنے والے ڈائریکٹر پرائمری اسکولز غلام عباس ڈیتھو کی ہدایت پر بھیجے گئے ، غلام عباس ڈیتھو جن کے پاس اسپیشل سیکرٹری تعلیم کا بھی چارج ہے، اس مقصد کے لیے گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول محمد علی گوٹھ کورنگی کے انچارج ہیڈماسٹر کو جو کرپشن کے الزام میں معطل تھے، بحال کر اکے کورنگی ٹاؤن پرائمری میں تعلقہ ایجوکیشن افسر مقرر کرایا، بعدازاں ان کو تربیت بھی کروائی گئی اسی طرح ہائی اسکول ٹیچر گل ناز محمود کو انچارج تعلقہ ایجوکیشن افسر پرائمری گلشن مقرر کرایا ۔یہ بھی یاد رہے کہ چیف سیکرٹری سندھ کی جانب سے 20؍گریڈ کے پی سی ایس افسر دانش سعید کو محکمہ تعلیم میں اسپیشل سیکرٹری مقرر کیا گیا تھا مگر چونکہ غلام عباس ڈیتھو اسپیشل سیکرٹری تعلیم تھے لہٰذا دوسرا اسپیشل سیکرٹری تعلیم برداشت نہیں کیا گیا اور ایک مہینے تک دانش سعید کو کمرہ نہیں دیا گیا اور ان کے کمرے میں 19؍گریڈ کی ڈی او پرائمری کو ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم کا اضافی چارج دے کر بٹھایا گیا۔ اس صورت حال پر دانش سعید مایوس ہو گئے اور چیف سیکرٹری سندھ ممتاز شاہ سے درخواست کر کے محکمہ تعلیم سے اپنا تبادلہ دوسرے محکمہ کرا لیا۔ جنگ نے دہرا چارج رکھنے والے ڈائریکٹر پرائمری اسکول سے رابطے کی کوشش کی مگر ان سے رابطہ نہیں ہو سکا البتہ وزیر تعلیم کے پرسنل سیکرٹری حلیم سومرو اور پی آر او سعید میمن نے کہا کہ تربیت مین بے قاعدگیوں اور خلاف ضابطہ احکامات جاری کرنے کی ساری تفصیلات سے وزیر تعلیم سردار شاہ کو آگاہ کیا جاچکا ہے جلد ایکشن کی توقع ہے۔

تازہ ترین