• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی پارلیمنٹ کے ارکان مسئلہ کشمیر کے حل پر خصوصی توجہ دیں،امجد بشیر

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) یورپی پارلیمنٹ میں خارجہ امور اور انسانی حقوق کمیٹی کے ممبر امجد بشیرMEPنے کہا کہ جس طرح اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے کمشنر نے ریاست جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مفصل رپورٹ شائع کی ہے اسی طرح برطانوی پارلیمنٹ میں قائم آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ کی رپورٹ نے یورپی پارلیمنٹ کے کشمیر دوست ارکان کو بھی موقع مہیا کیا ہے کہ وہ یورپی پارلیمنٹ میں اس مسئلے پر خصوصی توجہ دیں اور اپنی کاوشوں کو تیز کریں، انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے مداخلت کرکے نہ صرف کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو رکوائے، بلکہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے میں معاونت کرے، جسے اقوام متحدہ نے بھی تسلیم کر رکھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹر نیشنل کی جانب سے بلائی گئی ہنگامی پریس کانفرنس میں کیا، امجد بشیر نے جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹر نیشنل کی جانب سے دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کو منظم طریقے سے اجاگر کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ فروری کے تیسرے ہفتے میں جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹر نیشنل کی طرف سے بلائی جانے والی دو روزہ کشمیر کانفرنس میں بھرپور معاونت کریں گے، ان کی پوری کوشش ہوگی کہ اس کانفرنس میں یورپ کے تمام ممالک سے انسانی حقوق کے چیمپئن ممبران پارلیمنٹ کی شرکت کو لازمی بنا سکوں اور یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تحریک کے پروگراموں میں شرکت اور مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ اس موقع پر تحریک حق خودارادیت انٹر نیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہماری تنظیم جہاں بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر26 جنوری کو بھارتی سفارت خانے کے باہر مظاہرے میں بھرپور شرکت کرے گی بلکہ تین ماہ میں یکجہتی کشمیر اور ثقافتی تقریبات کے علاوہ نوجوانوں اور خواتین کے لیے خصوصی تقریبات منعقد کروائے گی جس میں مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کے علاوہ دنیا بھر سے ممبران پارلیمنٹ اور تحریک آزادی کشمیر سے وابستہ افراد اور حکومتی نمائندوں کو شمولیت کی دعوت دی جائے گی۔ پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے لندن میں مظاہرے کے لیے سیکریٹری جنرل محمد اعظم کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو نہ صرف دیگر جماعتوں اور تنظیموں سے رابطہ کرے گی بلکہ ٹریڈ یونین اور لیبر قیادت کو بھی ان تقریبات میں شمولیت پر آمادہ کرے گی جب کہ کونسلر یاسمین ڈار اور کونسلر صبیحہ خان خواتین کانفرنس اور مزلفہ احمد اور ارقم الحدید نوجوانوں کو منظم کرنے کے لیے تحریک کی نمائندگی کریں گے۔ ہیری بوٹا اور پامیلا اشرف کلچرل پروگراموں جبکہ تحریک کے سائوتھ آف انگلینڈ کے چیئرمین عبدالوہاب قادری، تحریک حق خودارادیت برطانیہ کے وائس چیئرمین امجد حسین مغل اور نارتھ آف انگلینڈ کی چیئرپرسن نائلہ شریف کشمیر یکجہتی کانفرنس کے انتطامات کریں گے۔ تحریک انصاف برطانیہ کے میڈیا کوآرڈینیٹر آصف خان نے کہا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر راجہ نجابت حسین اور ان کے ساتھیوں سے پہلے بھی تعاون کرتے رہے ہیں اور حالیہ اور مستقبل کے پروگراموں میں بھی تعاون کریں گے، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکن وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق بیرون ملک مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے جماعتی وابستگی سے ہٹ کر قومی نکتہ نظر کے مطابق ہر محاذ پر اپنے مظلوم بھائیوں کے لیے آواز بلند کریں گے۔ انہوں نے راجہ نجابت حسین اور دیگر تمام ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر مظاہرے کے لیے یارکشائر کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا ہے تاکہ ہم سب مل کر اس مظاہرے کو کامیاب کریں جس میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دیگر اکابرین کے ہمراہ شریک ہوں گے۔ اس موقع پر سابق لارڈ میئر راجہ غضنفر خالق، کنزرویٹو فرینڈز آف کشمیر برطانیہ کے ڈپٹی چیئرمین محمد ہیری بوٹا، تحریک تحفظ ناموس رسالت نارتھ آف انگلینڈ کے صدر ملک رحمت اعوان، تحریک کے سرپرست اعلیٰ سردار عبدالرحمن خان اور دیگر نے کہا کہ جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹر نیشنل کے ساتھ مل کر یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے یکم فروری سے لے کر گیارہ فروری تک برطانیہ بھر میں تقریبات کو منعقد کرانے میں نہ صرف معاونت کریں گے بلکہ پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے لندن مظاہرے اور برطانوی پارلیمنٹ کے باہر کشمیر ریلی میں بھی بھرپور شرکت کریں گے۔

تازہ ترین