• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کا مینڈیٹ جعلی، نیب کاکردار جانبدارانہ ہے، رہنما ن لیگ

اسلام آباد،راولپنڈی،فیصل آباد (نیوز ایجنسیاں ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اگر شہباز شریف کو گرفتار کیا جا سکتا ہے تو عمران خان اور پرویز خٹک کو کیوں نہیں کیا جا سکتا؟، قومی احتساب بیورو (نیب) کا کردار جانبدارانہ ہے اور ادارہ ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں کر رہا ہے،اتوار کو فیصل آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فواد چودھری صبح وشام میاں برادران کیخلاف الزام لگاتے ہیں لیکن علیمہ خان کی پراپرٹی کا حساب نہیں دیا جا رہا، پی ٹی آئی جعلی مینڈیٹ سے حکومت میں آئی، اس کا اپنا کو ئی ایجنڈا نہیں، ڈوریاں کسی اور جگہ سے ہلا ئی جا رہی ہیں، انہوں نے کہا بجلی گیس پا نی مہنگا کر نے کے بعداب منی بجٹ آرہا ہے جو غریب عوام کی ٹوٹی ہو ئی کمر پر ضرب کاری ہو گی ۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئےلیگی رہنما مصدق ملک نے کہا کہ ہم نے ترقی کی رفتار 5.8 پر چھوڑی ، اب 3 فیصد پر آ گئی ہے اور ہمارے دور میں قرض حرام تھا لیکن پی ٹی آئی کی حکومت میں حلال ہے۔ مصدق ملک نے کہا کہ قرضوں کے باوجود ہم نے ملک چلایا اگرآپ نہیں چلاسکتے توحکومت چھوڑدیں۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہناتھا کہ ہم نے بجلی کا مسئلہ سلجھا دیا تھا لیکن تحریک انصاف کی حکومت نے اسے دوبارہ کھڑا کردیا ہے،حکومت فوجی عدالتوں میں توسیع کی وجوہات پر مطمئن کرسکی تو ساتھ دینگے، حکومت اپنی نااہلی سے ملک کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

تازہ ترین