• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایم ڈی سی کی غیرمنتخب باڈی کا اقدام سیکرٹری اور ڈپٹی رجسٹرار کا کنٹریکٹ ختم

کراچی (سیّد محمد عسکری / اسٹاف رپورٹر) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی غیرمنتخب باڈی نے 20؍ گریڈ کی اسامی پر تعینات سیکرٹری ڈاکٹر وسیم ہاشمی اور ڈپٹی رجسٹرار ڈاکٹر سیّد ماجد کا کنٹریکٹ ختم کر دیا ہے۔ یہکنٹریکٹ سال کے آخر میں اس وقت ختم کیا گیا جب پی ایم ڈی سی کی نئی کونسل کا اعلان ہو چکا تھا اور چند روز بعد اس کا آرڈیننس بھی جاری ہو ا تھا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ پی ایم ڈی سی کے 14؍ میں 12؍ ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کر دی گئی مگر ان دونوں کے کنٹریکٹ کی میعاد کو ایک سال سے مختصر کر کے غیرقانونی طور پر ایک ماہ کر دیا گیا۔ یاد رہے کہ پی ایم ڈی سی کی اس باڈی نے گزشتہ برس 10؍ اکتوبر سے 20؍ گریڈ کی رجسٹرار کی اسامی پر 17؍ گریڈ کی اسسٹنٹ رجسٹرار ڈاکٹر ستارہ کو تعینات کر رکھا ہے جو سپریم کورٹ کے فیصلے کی بھی خلاف ورزی ہے۔ ’’جنگ‘‘ نے پی ایم ڈی سی کی ترجمان حنا شوکت سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ پی ایم ڈی سی کی باڈی ختم اور نئی کونسل قائم ہو چکی ہے پچھلی باڈی نے جو کیا وہ ویب سائٹ پر موجود ہے مزید اس پر تبصرہ نہیں کر سکتی۔
تازہ ترین