• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Web Desk
Web Desk | 14 جنوری ، 2019

نمکین روسٹ کیا ہے؟

سردیوں کی سوغات بلوچستان کے علاقے چمن کی مشہور ڈش ’نمکین روسٹ‘ کے بارے میں سن کر ہی منہ میں پانی آجاتاہے، لکڑی یا کوئلے پر تیار کی جانے والی اس منفرداورلذیز ڈش کی تیاری بھی خاص انداز میں ہوتی ہے۔

سخت سردی میں چٹخارے دار، لذیز اور چٹ پٹے کھانے زیادہ پسند کیے جاتے ہیں، مزیدار کھانوں کی فہرست میں چمن کے شہریوں کی پسندیدہ ڈش نمکین روسٹ بھی ہے۔

سردیوں میں شادی بیاہ،دوستوں کی دعوت ہو اورنمکین روسٹ کھانوں میں شامل نہ ہو تو دعوت ادھوری لگتی ہے۔

روسٹ کی تیاری میں بھیڑ، بکرے یا دنبے کے گوشت کو 4 بڑے ٹکڑوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔

گوشت دیگ میں رکھ کر پانی میں ابالا جاتا ہے، پھر پیاز کا تڑکا دے کر اس کے اُوپر پھیلا دیا جاتا ہے اور مصالحہ جات کے ساتھ ساتھ آلوبخارا بھی اس میں شامل کیا جاتا ہے۔

اس ڈش کی تیاری کی خاص بات یہ ہے کہ اسے گیس پر نہیں بلکہ لکڑی یا پھر کوئلے کے دہکتے انگاروں پر پکایا جاتا ہے۔

روسٹ کی تیاری پر اس کی مہک بھوک اور بھی زیادہ چمکا دیتی ہے۔

چمن کی مہمان نوازی نمکین روسٹ کے لیے مشہور ہے، سردیوں میں برسوں سے چلی آ رہی اس روایتی ڈش کو آج بھی بے حد پسند کیا جاتا ہے۔