• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دور جدید میں چھتوں کی آرائش وزیبائش کو خاص اہمیت دی جارہی ہے، کسی بھی خوبصورت گھر میں جتنی اہمیت دیواروں کو حاصل ہے، اتنی ہی چھتوں کو بھی۔ تعمیراتی ماہرین کے مطابق فن تعمیر کی انفرادیت اورجدت کا اندازہ گھر کے مختلف حصوں کی چھتوں اوردیواروں کے جدید اسٹائل کو دیکھ کر لگایا جاسکتا ہے۔گھر میں موجود یہ دو عناصر کسی سادہ سے حصے کوویل فرنشڈ ایریا میں تبدیل کرسکتے ہیں ۔آج چھوٹے سےچھوٹے گھر میں بھی چھتوں کو سادہ نہیں چھوڑا جاتا۔ انٹیریئرماہرین کا کہنا ہے کہ نت نئے رجحانات اور اسٹائل کے پیش نظر دور جدید میں چھتوں کو گھر کی’’پانچویں دیوار(home fifth wall )‘‘کی حیثیت حاصل ہوگئی ہے۔یہ ٹرینڈز کون سے ہیں آئیے جانتے ہیں ۔

مختلف رنگوں سے سجی چھتیں

کمرے کے رنگ وروغن اور بیڈروم فرنیچر سے مطابقت رکھتے ہوئے چھتوں کے لیے مختلف رنگوں کا استعمال کیا جاتاہے۔ اس قسم کی چھت کے ڈیزائن کے ساتھ،آپ کے لیے کئی طرح کے آپشنز موجود ہیں۔ ایسی چھتوں میںمختلف رنگوں میں مختلف مواد کے ساتھ ایل ای ڈی لائٹ اور بلب کے ساتھ کمروں کو روشن اور منور کیاجاسکتا ہے۔ اگر آپ کے کمرے کی چھتیں نیچی ہیں توان میں رنگوں کا انتخاب اہم کردار اداکرتا ہے۔ ان رنگوں سے کی گئی خوبصورت کشیدہ کاری دیکھنے والے کو حیرت میں مبتلا کردیتی ہے۔ چھتوں کے لیے اگر گہرے رنگوں کے بجائے روشن اور ہلکے رنگوں کا استعمال کیا جائے تو یہی رنگ کشادگی کا احساس دیتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق چھوٹی چھتوں کے لیےاگر ہلکا نیلا یا جامنی رنگ منتخب کیا جائےتو یہ چھتیں کھلی کھلی محسوس ہوتی ہیں اور چھت دیکھنے میں قدرے دور لگتی ہے۔

لکڑی سے جگمگاتی چھتیں

گھروں میں لکڑی کا استعمال ناگزیر ہے اور جب بات ہو چھت کی ،تولکڑی کی چھت اپنے اندر ایک خاص قسم کی نفاست اور دلکشی رکھتی ہے۔فن تعمیر کے جدید رجحانات میں گھروں کے اندرونی اور بیرونی دونوں قسم کےڈھانچوں کے ليے لکڑی کااستعمال ایک قیمتی اضافہ ثابت ہوتا ہے۔چھتوں کے لیے لکڑی کو مختلف طریقوں سے استعمال کیا جاسکتا ہے ۔

٭لکڑی کے رنگ والے ٹائلوں کے ساتھ نظرآنے والے لکڑی کے شہتیروں سے مزین چھت روایتی انداز کا ایک شاندار نمونہ ثابت ہوسکتی ہے۔

٭لیونگ روم کے لیے لکڑی کے گہرے رنگوں سے تعمیر کروائی گئی چھت کا انتخاب بہترین ہے۔ اس لکڑی پر انتہائی دلفریب اور بے مثال نقش ونگار بھی بنائے جاسکتےہیں۔ چھت کا بوجھ برداشت کرنے کے ليے لکڑی کا پائيدار ہونا ضروری ہے اور ساتھ خوبصورت بھی۔ متناسب رنگوں کا فرنیچر اور خوبصورت فانوس رومانوی ماحول تخلیق کرتے ہیں۔

٭بیک یارڈ میں بنا لان یا پھر باغ میں بنی بیٹھک کے لیے بھی لکڑی کا استعمال خوبصورت انداز میں کیا جاسکتا ہے، لکڑی سے تعمیر کی گئی مخروطی چھت آپ کے لان میں ایک خوبصورت نشست گاہ اور منظر پیش کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی ۔

3D کے ساتھ تعمیر کی گئی چھتیں

ٹائلز کا انتخاب فرش کے لیے ہی نہیں چھتوں کے لیے بھی بہتر طور پر کیا جاسکتا ہے۔یہ چھتیں ٹھنڈی ہوتی ہیں اورآپ کے بجٹ پر زیادہ بھاری بھی نہیں پڑتیں۔ کمرے کی چھتوں کے لیے اگر عام اور سادہ انداز میں بھی ٹائلز کا استعمال کیا جائے تو یہ نفیس ہونے کے ساتھ ساتھ بے حد خوبصورت اور بھلا معلوم ہوگا۔ اگر آپ چھتوں کے لیے ٹائلز کے انتخاب میں مشکل کا شکار ہیں توآپ سرامک ٹائلز کا چناؤ کرکے کمرے کی چھت کو خوبصورت انداز میں بنواسکتے ہیں، یہ ٹائلز مارکیٹ میں مختلف کیٹیگریز مثلاً کلا س اے ،کلاس بی ،کلاس سی کی صورت موجود ہیں۔ مارکیٹ میں آج کل 3D ٹائلز بھی دستیاب ہیں۔ اس طرح کے ٹائلز کے استعمال سے آ پ کو گھرکھلا کھلا لگے گا۔

وال پیپر لگی چھتیں

اکیسویں صدی میں وال پیپر کا استعمال دیواروں کے علاوہ چھتوں کے لئے بھی کیا جانے لگا ہے، جو کہ ایک شاندار طرزِ سجاوٹ میں شمار ہوتا ہے، گھر کی تعمیر جب آخری مراحل میں ہوتو اس اسٹائل کے ذریعے گھر کے ہر حصے کو منفرد انداز دیا جاسکتا ہے۔ بچوں کے کمروں میں ان کی پسند اور رجحان کے مطابق چھت پر وال پیپر کا استعمال کیا جاسکتا ہے، جب کہ بیڈروم میں مکینوں کی پسند وناپسند کے مطابق وال پیپر کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

شیشے کی چھتیں

اکیسویں صدی میں کمرے کی چھتوں پر چھوٹے بڑے مختلف سائز کے سجاوٹی ٹرانسپرنٹ شیشے لگانے کا رحجان بڑھتا جارہا ہے۔ اگر آپ گھر کی تعمیر کے وقت کمرے کی چھتوں پر مکمل طور پر شیشے کا استعمال نہ کرنا چاہیں تو شیشے کی طرز کا ٹرانسپرنٹ پلاسٹک بھی لگایا جاسکتا ہے۔ یہ نسبتاً مضبوط ہوتا ہے اور اس کے خراب ہونے کا خدشہ بھی کم رہتا ہے،یہ بازار سے بآسانی مل جاتا ہے۔ لیکن اگر آپ چھتوں کی سجاوٹ شیشے سے ہی کرنا چاہتےہیں تو پھر مضبوطی اور پائیداری کو ہرگز نظر انداز نہ کریں، بلکہ انہیں خاص اہمیت دیں۔

تازہ ترین