• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’علیمہ صاحبہ کی جائیداد کی تحقیقات کا مطالبہ مکافات عمل ہے‘

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا علیمہ صاحبہ کی جائیداد سے متعلق تحقیقات کا مطالبہ دراصل مکافات عمل ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں حمزہ شہباز نے کہا کہ نیازی صاحب کو بتانا ہوگا کہ جائیدادیں کیوں چھپائیں؟ آج عمران خان کو منی ٹریل کا بتانا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے خواب نہیں آتے لیکن لگ رہا ہے کہ نیازی صاحب جلد کنٹینر پر نظر آئیں گے اور ڈی چوک پر قوم سے معافی مانگیں گے۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ عمران نیازی کے ہر اقدام سے انتقام کی بو آتی ہے،پی ٹی آئی ہمیں ارکان اسمبلی کو فنڈز دینے کے طعنے دیتی تھی،نیازی صاحب کہتے تھے کہ ممبران اسمبلی کو فنڈز نہیں دیں گے اور آج اپنے اراکین کو فنڈز دے رہے ہیں،پی ٹی آئی والے یوٹرن کی سنچری کریں گے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کا اپنا دامن داغدار ہے، آپ کس منہ سے اپوزیشن پر روزانہ الزامات لگاتے ہیں؟ آپ کو قوم کو جواب دینا ہوگا،آپ کا احتساب بھی جلد ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران نیازی صاحب آپ کو علیمہ خان کی منی ٹریل کا جواب دیا ہوگا،آپ نے اسٹیٹ بینک سے 1400 ارب روپے قرضہ لیا ہے،آپ تو ہیلی کیس میں بھی جوابدہ ہیں۔

حمزہ شہباز نے یہ بھی کہا کہ نیازی صاحب نے کہا تھا کہ میں ایمنسٹی کو نہیں مانتا،آج اپوزیشن کیلئےایک اور نیازی صاحب کیلئے دوسرا پاکستان ہے، یہ قوم کی توہین کہ جب آپ سے سوال پوچھا جائے تو آپ چھپ جائیں اور جواب نہ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم کی مہنگائی سے کمر ٹوٹ گئی ہے ہمارے وزیر خزانہ کہتے ہیں کہ مہنگائی صرف امیروں کے لئے ہے، پتا نہیں وہ کس دنیا میں رہتے ہیں، قوم کی خاطر اپوزیشن آپ کا ساتھ دینے کو تیار ہے لیکن آپ کے پاس کوئی ویژن ہی نہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم کبھی 50 چور گرفتار کرنے کی بات کرتےتھے،نیازی صاحب دھمکیاں دینے سے اور بڑھکیں مارنے سے کچھ نہیں ہوتا،ہمارا دامن صاف ہے، ہمارے خلاف ایک الزام بھی ثابت نہیں کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ای سی ایل کے معاملے پر بھی دوہرا معیار ہے حکومتی بینچ پر بیٹھنے والوں کے لئے کوئی ای سی ایل نہیں، مہنگائی کا ڈرون پاکستانی عوام پر گرنےوالا ہے ۔

تازہ ترین