• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’نئے ارکان پارلیمنٹ کو تربیت دینا چاہتا ہوں ‘

سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے نئے ارکان پارلیمنٹ کو تربیت دینے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔

قومی اسمبلی سے خطاب میں آصف زرداری نے چیف جسٹس ثاقب نثار کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کا نام جے آئی ٹی سے نکال دیا۔


انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو ہم جیل میں نہیں دیکھنا چاہتے، کسی کی بہن یا بیٹی جیل میں ہو ایسا نہیں ہونا چاہیے،نواز شریف کو عدالت سے ریلیف ملا اس پر ہمیں بہت خوشی ہے۔

پی پی کے شریک چیئرمین نے مزید کہا کہ مہمند ڈیم کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے موقف کی حمایت کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو 6 ماہ ہوگئے ہیں،ان سے ایک مسئلہ بھی حل نہیں ہوسکا ہے،اسٹاک ایکسچینج کا حال برا ہے، مہنگائی بڑھ رہی ہے۔

آصف زرداری نے یہ بھی کہا کہ نیب کی وجہ سے معاملات مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں،نیب کسی رکن کو بلانے سے پہلے پارلیمنٹ سے پوچھے،فیصلہ پارلیمانی کمیٹی کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کو پارلیمنٹ کے سامنے حاضر ہونا چاہیے،میں نے تو بہت نیب دیکھی ہے آگے بھی دیکھ لوں گا،مجھے اپنی فکر نہیں۔

سابق صدر نے کہا کہ مجھے آپ لوگوں کی فکر زیادہ ہے،جس دن نیب آپ کو بلائے گا تو اس دن کیا ہوگا؟ہمیں چاہیے کہ ہم نیب کو ٹائٹ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ تو مانگے تانگے کی حکومت ہے پتہ نہیں کتنے دن چلے گی،میں انہیں یقین دلاتا ہوں کہ ہم آپ کو نہیں گرائیں گے،گرنا آپ کو خود ہے۔

تازہ ترین