• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہالینڈ کیلئے پاکستانی ایئرلائن بحال کی جائے

ہالینڈ کی ڈائری…راجہ فاروق حیدر
ہماری قومی ائرلائن پی آئی اے کا شمار ایک وقت دنیا کی بہترین فضائی کمپنیوں میں ہوتا تھا باکمال لوگ لاجواب سروس ہالینڈ اور پاکستان کے درمیان پی آئی اے کی سروس 60کی دہائی میں شروع کی گئی۔ ایک وقت تھا کہ پی آئی اے کی 5پروازیں ہفتہ وار ایمسٹرڈیم سچیپول ائرپورٹ سے مسافر لے کر گزرتی تھیں بعد میں کئی سال 3پروازیں ہفتہ وار بڑی کامیابی سے چلتی رہیں 6ستمبر2013کو پاکستان انٹرنیشنل ائرلائن نے جہازوں کی کمی کی وجہ سے ہالینڈ اور پاکستان کے درمیان سروس ختم کردی ان دنوں ہالینڈ اور پاکستان کے درمیان ہفتہ وار 2پروازیں ہالینڈ بلجیم لکسمبرگ اور جرمنی میں مقیم اڑھائی لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو وطن عزیز پاکستان سفر کے سلسلے میں سہولت مہیا کررہی تھیں۔ ان پروازوں کی بندش پر ہالینڈ اور دیگر یورپی ممالک میں پاکستانیوں نے بہت احتجاج کئے، پی آئی اے حکام، وزراء اور سابقہ وزیراعظم سے بارہا درخواستیں کیں کہ ہالینڈ اور پاکستان کے درمیان پروازوں کو بحال کیا جائے۔ سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ نے بھی انتھک کوششیں کیں یہی پاکستانی کمیونٹی کا بڑامطالبہ تھا لیکن شومی قسمت سابقہ حکومت کچھ نہ کرسکی پاکستانی کمیونٹی گزشتہ 7سال سے ہالینڈ اور پاکستان کے درمیان 7گھنٹے کا سفر مختلف روٹس سے 18س 20گھنٹے میں  طے کررہی ہے ۔تاہم وفات کی صورت میں میت پاکستان بھجوانے میں بھی بعض اوقات دو دن لگ جاتے ہیں۔ ہالینڈ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی موجودہ منتخب وزیراعظم عمران خان سے دوبارہ مطالبہ کررہی ہے کہ ہالینڈ اور پاکستان کے درمیان پی آئی اے آپریشن دوبارہ بحال کیا جائے۔ ہالینڈ اگرچہ دنیا کے نقشے پر چھوٹا سا ملک ہے لیکن ایمسٹرڈیم سچیپول ائرپورٹ کا دنیا کے مصروف ترین ائرپورٹس میں شمار ہوتا ہے۔ ایمرٹس، ترک، اتحاد، قطر اور دیگر غیرملکی فضائی کمپنیاں بڑا نفع بخش اور کامیاب آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایمسٹرڈیم کے مرکز میں پی آئی اے کا آفس جوکہ پی آئی اے کی ملکیت ہے وہ بند پڑا ہے  اس آفس کو کرائے پر دیا جاسکتا ہے اور دس ہزار یورو سے زائد کرایہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ پی آئی اے کے ایک سابق آفیسر نے جنگ کو بتایا کہ کرائے پر یہ جگہ نہ دینے کی وجہ یہ بھی ہے کہ پی آئی اے اگر ہالینڈ اور پاکستان کے درمیان آپریشن شروع کرے تو آفس خالی کرانا مشکل ہوگا جبکہ پراپرٹی کی قیمتوں میں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے۔ پی آئی اے آفس کے علاوہ منیجر اور فنانس منیجر کا گھر بھی پی آئی اے کی ملکیت ہیں جوکہ خالی پڑے ہیں۔ موجودہ حکومت اگر سنجیدگی سے ان مسائل کو حل کرے تو یقیناً حکومت کی مقبولیت میں اضافہ ہوگا ویسے بھی اوورسیز پاکستانیوں کو موجودہ حکومت سے بہت ساری توقعات وابستہ ہیں۔
تازہ ترین