ماہِ جنوری میں جب اپنے پیارے، سکھی، سہیلیاں، دوست احباب گھر آئیں، تو نئے سال کی خوشی میں عموماً ساتھ کیک، چاکلیٹس، مٹھائی یا پھر بھینی بھینی خوشبو بکھیرتے گل دستے لاتے ہیں۔ اب مہمان اتنی خوشی خوشی آئیں اور آپ اُن کی خاطر تواضع نہ کریں، کیسے ممکن ہے۔ تو لیجیے، اس پُرمسّرت موقعے کے لیے ہماری طرف سے مٹھاس بَھری کچھ منفرد تراکیب حاضر ہیں۔
چاکلیٹ کسٹرڈ
اجزاء: دودھ ایک لیٹر، چاکلیٹ کسٹرڈ پائوڈر چار کھانے کے چمچ، چینی10کھانے کے چمچ اور فریش کریم 150گرام۔
ترکیب: سب سے پہلے ایک کپ دودھ میں کسٹرڈ پائوڈر مکس کرلیں اور باقی دودھ میں چینی شامل کرکے پکنے کے لیے رکھ دیں۔ جب اُبال آجائے اور چینی بھی مکس ہوجائے، تو اس میں کسٹرڈ پائوڈر والا پیسٹ شامل کردیں۔ گاڑھا ہونے پر چولھے سے اُتار کر ٹھنڈا کرکے اس میں کریم شامل کردیں۔ اب اس کسٹرڈ سے بنائیں، تین مزے دار ڈیزرٹس۔اگر آپ کو چاکلیٹ کسٹرڈ نہ ملے، تو اس کی جگہ کارن فلور، کوکو پائوڈر دو دو کھانے کے چمچ اور 100گرام ملک چاکلیٹ (کدوکش کی ہوئی) استعمال کرسکتے ہیں۔
وائٹ بالز ود کسٹرڈ
اجزاء: کریم چیز آدھا کپ، بسکٹ حسبِ پسند 30عدد، وائٹ چاکلیٹ دو کپ اور تیار شدہ کسٹرڈ۔
ترکیب: پہلے بسکٹس کُوٹ کر چُورا کرلیں۔ پھر کریم چیز ملا کر کوفتے جتنی بالز بنا کر ٹھنڈی کرلیں۔ اب وائٹ چاکلیٹ کو بھاپ کے ذریعے یا مائیکروویو اوون میں پگھلالیں۔ پھر ایک ایک بال کو ٹوتھ پک یا چمچ کے ذریعے چاکلیٹ میں ڈبو کر نکالیں اور فریج میں ٹھنڈا کرلیں، لیکن جمانا نہیں ہے۔ اس کے بعد باؤل میں کسٹرڈ ڈال کر بالز ڈال دیں اور اپنی پسند سے سجاوٹ کرلیں۔
چاکلیٹ شاٹ
اجزاء: کسٹرڈ تیار شدہ، کریم دو سو گرام، کنڈینسڈ ملک تین کھانے کے چمچ، کافی یا اورنج جیلی ایک پیکٹ اور پھولوں کی پتیاں حسبِ ضرورت یا چاکلیٹ بسکٹس کا چورا۔
ترکیب: جیلی تیار کرکے ٹھنڈی کرلیں۔ اب کریم میں کنڈینسڈ ملک اور جیلی مکس کریں،پھرشیشے کا ایک گلاس لے کر اس میںکسٹرڈ ڈالیں اور پھر کریم والا آمیزہ۔ آخر میں پتیوں سے سجاوٹ کرلیں یا پھر بسکٹ کا چُورا چھڑک دیں۔
براؤن ٹرائفل
اجزاء: تیار شدہ کسٹرڈ، من پسند بسکٹس15 عدد(چھوٹے ٹکٹرے کرلیں)، چاکلیٹ بارکیک چھے چائے کے چمچ، چاکلیٹ چِپ آدھا کپ یا پھر ملک چاکلیٹ 100گرام اور خشک میوہ جات حسبِ ضرورت۔
ترکیب: شیشے کا ایک گہرا پیالہ لے کر اس میں پہلے بسکٹس ڈالیں، پھر کسٹرڈ کی ایک تہہ لگائیں اس کے بعد چاکلیٹ بار کیک پھیلا دیں۔اب اس پر دوبارہ کسٹرڈ کی تہہ اور پھر چاکلیٹ چپ کی تہہ لگا کے آخر میں کسٹرڈ ڈال کرخشک میوہ جات سے سجا لیں۔
(زاہدہ زبیر)