مشیراطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اگر فواد چوہدری وائسرائے بن کرکراچی آئے ہیں تو ہمیں قبول نہیں، اچھے کام کیلئےآرہے ہیں تو سراہتے ہیں ۔
پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضی وہاب نےکراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری اپنے مفت مشورے اپنے پاس رکھیں ، تحریک انصاف کو سندھ کی خدمت کا شوق ہے تو وہ سندھ حکومت کے جائز اور آئینی مطالبات فوری پورے کرے ،سندھ کے عوام کے 90 ارب روپے وفاقی حکومت نے دینے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں میں سندھ کے عوام کی خدمت کرنے کا جن ہے ، اب پاکستان کی غریب عوام کی بات کریں، موجودہ حکومت نے ہر معاملے پر یوٹرن لیا ۔
مرتضی وہاب نے کہا کہ بیوقوفی کی باتیں چھوڑیں ، کچھ کام کرلیں ،وزیراعظم بتائیں کہ وہ خود کتنی بار پارلیمان آئے ہیں ، ہم سازشوں پر یقین نہیں رکھتے یہ خود خان صاحب کیلئے سازش کررہے ہیں تو ہم کچھ نہیں کہہ سکتے ۔
صوبائی وزیرِناصر شاہ نے کہا کہ سندھ فتح کرنا ان کا ایک خواب اورسازش ہے،اگر ان کا رویہ وہی رہا تو دیکھ لیں گے ۔
واضح رہے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کراچی کے دورے پر آئے ہوئے ہیں، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے حکمرانوں کے پاس جادو کا چراغ ہے، پلک جھپکتے میں پیسے بیرون ملک چلے جاتے ہیں۔پیپلزپارٹی خود تبدیلی لائے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ استعفیٰ دیں، ان کا استعفیٰ نہیں آیا تو ہم اپنے مطالبے کے لیے حق بجانب ہوں گے۔
اس سے قبل بھی ان کا کہنا تھاکہ وزیراعظم عمران خان اگر نظرثانی کرلیں تو سندھ حکومت گر جائے گی۔ میرے سندھ جانے پر صوبائی حکومت پتہ نہیں کیوں گھبرا رہی ہے، میں تو اپنی وزارت کے فرائض انجام دینے کراچی جاؤں گا۔