• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’وفاقی حکومت صحت کی سہولیات عوام سے دور کر رہی ہے ‘

سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت دوائیں مہنگی کر کے صحت کی سہولیات کو عوام کی پہنچ سے دور کر رہی ہے جبکہ سندھ حکومت این آئی سی وی ڈی کے سیٹیلائٹ سینٹرز اور چیسٹ پین یونٹس کے ذریعے صحت کی معیاری سہولیات لوگوں کی دہلیز تک پہنچا رہے ہیں۔

مشیر اطلاعات سندھ نے لانڈھی میں این آئی سی وی ڈی کے آٹھویں چیسٹ پین یونٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دل کی بیماریوں کے علاج کو دسرے صوبوں تک پھیلائیں گے، زمین تلاش کر رہے ہیں،تحریک انصاف کا دوسرا نام غرور و تکبر ہے،این آئی سی وی ڈی نے گزشتہ سال چیسٹ پین یونٹس کے ذریعے ڈیڑھ لاکھ دل کے مریضوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور 5ہزارسے زائد زندگیاں بچائیں۔

تقریب سے میئر کراچی وسیم اختر، این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر اور این آئی سی وی ڈی کے بورڈ آف گورنرز کے ممبر امین ہاشوانی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر پروفیسر ندیم رضوی ، ڈاکٹر حمید اللہ، حیدر اعوان اور عذرا مقصود بھی موجود تھیں۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا وعدہ ہے کہ صحت کی سہولت ہر گھر تک پہنچائیں گے اور وفاقی دواؤں کی قیمتوں میں اضافہ کرکے صحت کی سہولیات کو عوام کی پہنچ سے دور کر رہی ہے ، ہم این آئی سی وی ڈی کو ماڈل ادارہ بناکر صحت سہولیات لوگوں کی دہلیز تک پہنچا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ این آئی سی وی ڈی یونٹس کا جال پورے سندھ میں بچھادیا گیا ہے ،جب یہ اسپتال 18ترمیم کے بعد ہمارے حوالے کیا گیا توہم نے اسے بنا کر دکھایا ، اندرون سندھ سے اب کراچی مریض کم لائے جارہے ہیں ، کیوں کہ سکھر، ٹنڈو محمد خان جیسے شہروں میں مریض استفادہ کررہے ہیں،کراچی بڑا شہر ہے جہاں ٹریفک کا مسئلہ ہے ،ان چیسٹ پین یونٹس کے قیام سے ٹریفک جام کے صورت میں شہریوں کو ان کے گھر کے قریب دل کے علاج کی سہولیت مہیا ہو گئی ہے ،چیسٹ پین یونٹ کا مقصد فوری علاج ہے ، دل کے مریضوں کے لیے این آئی سی وی ڈی کی ٹیم فرشتہ ہے ۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بہتر انتظامی امور کے لیے اس ادارے کا نام تبدیل کیا ہے ،ہمیں کسی قسم کے تحفظات نہیں ہیں،انتظامیہ بھی قانون کے تابع ہے ، اس ادارے میں اگر کرپشن ہوتی تو لانڈھی کے مکینوں کو یہ تحفہ نہ ملتا ،اس ادارے کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ہورہاہے ،سندھ حکومت تجاوزات کے خلاف آپریشن کی تائید کرنےکے ساتھ متاثرین کی بحالی پر بھی یقین رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اِین آئی سی ایچ کو بھی سندھ بھر میں پھیلانے کا ارادہ ہے ، 300 اسامیوں پر 3ہزار لوگ آئے تھے انہیں تہذیب کا دامن سنبھالنا چاہیے تھا ، پیپلز پارٹی لوگوں کو روزگار فراہم کرنا چاہتی ہے۔

مئیر کراچی وسیم اخترنے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کی کاوشوں کو سراہتا ہوں،ہزاروں مریضوں کو ان یونٹس سے فائدہ پہنچ رہا ہے،کے ایم سی اس حوالے سے ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہے ،سب ساتھ مل کر ایک اچھے کام میں ساتھ دیں، این آئی سی وی ڈی شہر میں خدمات انجام دے رہا ہے،

این آئی سی وی ڈی کے چیسٹ پین یونٹ سے شہریوں کو عارضہ قلب کے حوالے سے آگاہی ملی ہے،چیسٹ پین یونٹ سے لوگوں کا بروقت علاج ممکن ہوسکا،کے ایم سی این آئی سی وی ڈی کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کھڑی ہے،این آئی سی وی ڈی کی ترقی و جدت میں سندھ حکومت کا بہت ہاتھ ہے۔

ڈاکٹر ندیم قمرنے کہا کہ دنیا کے بہترین دل کے اسپتالوں میں اب این آئی سی وی ڈی کا شمار ہوتا ہے،بہترین انجیو پلاسٹی میں این آئی سی وی ڈی کا نام ہے ،ہمارا شمار دنیا کے نامور اسپتالوں میں ہوتا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ یہ آٹھواں چیسٹ پین یونٹ ہے ، جس کا آغاز کیا گیا اور یہاں دو روز سے مریضوں کو دل کے علاج کی ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے دیگر علاقوں میں پہلے سے موجود7 چیسٹ پین یونٹس نے ایک سال کے دوران ڈیڑھ لاکھ مریضوں طبی سہولیات فراہم کیں اور پانچ ہزارسے زائد مریضوں کی زندگیاں بچائیں، شہر کے مختلف علاقوں میں مزید 8چیسٹ پین یونٹس قائم کریں گے تاکہ ہر شہری کو گھر کے قریب دل کے علاج کی سہولت مہیا ہو سکے۔

تازہ ترین