• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’سندھ حکومت گیس کا غبارہ ہےجب چاہیں پھوڑدیں ‘

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپوزیشن اتحاد کو ’الائنس آف ری سٹوریشن آف کرپشن‘ قرار دے دیا۔

حلیم عادل شیخ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن اگر ہر بات کو اس سے جوڑ دے کہ ہمارے لیڈرز پر کیسز ختم کریں تو ایسا نہیں ہوگا۔


انہوں نے صوبائی حکومت کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت ’ گیس کا غبارہ‘ ہے اور پن ہمارے پاس ہے جب چاہیں گے پٹا پھوڑ دیں گے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ سندھ میں اومنی گروپ کی بادشاہت اور لیز ختم کردی ہے،نیب کو آصف زرداری اورفریال تالپور کو گرفتار کرکے تفتیش آگے بڑھانی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں اجلاس تھا، ورنہ نیب کے لیے یہ اچھاموقع تھا، چھاپا مارکر سب کو پکڑلیتے۔

وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہاکہ جعلی اکاؤنٹس کھلوائےگئے، پیسے ڈالےگئے، ان اکاؤنٹس کے بینی فشری بلاول ہاؤس میں بیٹھے ہیں، ان سے پیسوں کا پوچھیں گے تو جمہوریت خطرے میں آجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میرا شہر ہے، ہزار بار آؤں گا،میرے کراچی آنے سے اپوزیشن کیوں پریشان ہوتی ہے؟جو سمجھ رہے تھے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کا راج رہے گا وہ پنجاب سے سبق سیکھیں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ سندھ کی پولیس کو تنبیہ کرنا چاہتاہوں کہ صوبے کی اپوزیشن کو کمزور نہ سمجھیں،جائز کاموں کے لیے صوبے کی اپوزیشن کو تنگ کرنے کی روش ترک کرنا ہوگی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہاں پر جوحالات چل رہے تھے وہ اب نہیں چلیں گے،پیپلز پارٹی سے اپنے ایم پی ایز کو سنبھالنا مشکل ہو جائے گا۔

تازہ ترین