کراچی (اسٹاف رپورٹر)کورنگی میں کاٹن فیکٹری اور گلشن اقبال کے علاقے اعظم گوٹھ میں واقع فائبرکے گودام میں آگ سے فیکٹری کے دو مزدور زخمی ہوگئے ، فائر بریگیڈ کی 7 سے زائد گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر 6 گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد کاٹن فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پالیا،فائر بریگیڈ عملے کے مطابق کورنگی ابراہیم حیدری میں واقع کاٹن فیکٹری میں منگل کی صبح 11 بجے کے قریب اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لینا شروع کردیا ، مزدوروں نے فیکٹری کی چھتوں اور کھڑکیوں سے کودنا شروع کردیا جس کے نتیجے میں دو مزدو زخمی ہوگئے ، آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئےشہر بھر کے واٹر ہائیڈرینٹ سے پانی لے کر 10سے زائد ٹینکر موقع پر پہنچ گئے ،فیکٹری میں روئی ہونے کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلتی چلی گئی اور لاکھوں روپے کی روئی جل کر خاکستر ہوگئ، علاوہ ازیں گلشن اقبال کے علاقے اعظم گوٹھ میں واقع فائبرکے گودام میں آگ کی اطلاع پرفائر بریگیڈ کی تین گاڑیاں موقع پر روانہ کردی گئیں تاہم آگ نے پورے گودام کو لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیاں طلب کی گئیں۔