• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اغوا و ڈکیتی کی کوشش کے مقدمہ میں حیسکو آفیسرکی ضمانت منظور

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ)سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بینچ نے پیر کو چیف کمرشل آفیسر حیسکو خالد حسین بھٹی کے خلاف بھٹائی نگر تھانے میں مقامی وکیل جمعہ خان جاکھرانی کی جانب سے درج کرائے گئے کرائم نمبر 138/2018زیر دفعہ 337(H)I506 (II)504,402,395,365اور 6/7اے ٹی اے کے مقدمہ میں درخواست گزار کے وکیل اسلم بھٹی ایڈووکیٹ کے دلائل کے بعد خالد حسین بھٹی کی 7 روز کے لئے 50 ہزار روپے کے مچلکے پر عبوری حفاظتی ضمانت برائے قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرتے ہوئے متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے، غیر حاضری کی صورت میں ضمانت ضبط کرلی جائے گی۔ علاوہ ازیں اسی عدالت نے کراچی کے اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) تھانے میں درج کرائم نمبر 1/2019 زیر دفعہ 7-21(1) 471,468,420 اے ٹی سی کے مقدمہ میں نامزد ڈی سی آفس کراچی کے دو ملازمین فیصل احمد راجپر اور احمد خان رند کی وکلا کے دلائل کے بعد 7 روز کے لئے 50,50 ہزار روپے کی عبوری حفاظتی ضمانت برائے قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرکے متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا ہے۔ واضح رہے کہ ملزمان پر الزام ہے کہ وہ جعلی اسلحہ لائسنس تیار کرنے کے علاوہ دہشت گرد، کالعدم تنظیموں، ٹارگٹ کلنگ اور سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو اسلحہ اور بارود سپلائی کرتے ہیں۔ دریں اثناء اسی عدالت نے اینٹی کرپشن نوشہرو فیروز تھانے میں درج جعلسازی سے دستاویزات تیار کرنے اور کرپشن کے مقدمہ میں نامزد مختیار کار نوشہرو فیروز مشتاق علی اور تپہ دار شنکر لعل کی وکلا کے دلائل کے بعد ایک ایک لاکھ روپے کی عبوری حفاظتی ضمانت 14,14 روز کے لئے منظور کرتے ہوئے متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کا حکم دیدیا ہے۔

تازہ ترین