• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احسان مانی کی مضبوط گرفت،کرکٹ بورڈ میں جلد بڑے فیصلے ہونگے

کراچی (عبدالماجدبھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستا ن کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے چار ماہ بعداب پی سی بی معاملات پر گرفت حاصل کررہے ہیں۔ پیر کو لاہور میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ گورننگ کونسل اجلاس میں احسان مانی نے فہم و فراست کے ساتھ کئی معاملات پر فرنچائز مالکان کے ساتھ بہترین انتظامی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ کئی ہفتوں تک پاکستان کرکٹ کے معاملات کو اسٹڈی کرنے اور انہیں باریک بینی سے سمجھنے کے بعد احسان مانی اب اس پوزیشن میں آگئے ہیں کہ وہ اپنی انتظامی ٹیم کے ساتھ بہتر انداز میں آگے بڑھیں۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں پی سی بی میں کئی اہم اور بڑے فیصلے ہوں گے۔ نئے ایم ڈی وسیم خان چھ فروری کو لاہور میں اپنی ذمے داریاں سنبھالیں گے جبکہ ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن ان سے دو دن قبل چار فروری کو لاہور آئیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے انتظامی سیٹ اپ کے مطابق کرکٹ کے تمام معاملات ایم ڈی وسیم خان کے پاس چلے جائیں گے جبکہ انتظامی معاملات چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد چلائیں گے۔ چیئرمین صرف اپنی پالیسیوں پر عمل کرائینگے ۔ حالیہ پیش رفت میں احسان مانی نے کرکٹ آسٹریلیا کو سخت جواب دے کر بیک فٹ پر لانے کی کوشش کی ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے اپنی کرکٹ ٹیم مارچ میں پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا۔ اتوار کو یہ خبر آسٹریلوی میڈیا میں آنے کے بعد پی سی بی نے سخت ردعمل دکھایا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے خبر لیک ہونے کے بعد میڈیا ہی میں جواب دیا کہ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے انکار کا انداز درست نہیں ہے۔مروجہ طریقہ کے مطابق بہتر ہوتا کہ کرکٹ آسٹریلیا اپنے سیکیورٹی ماہرین کو پاکستان بھیج کر حتمی رائے قائم کرتا ۔ حددرجہ ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ آسٹریلوی ٹیم کو پاکستان لانے کے لئے سفارتی کوششیں بھی کررہا ہےاور اسلام آباد میں آسٹریلوی ہائی کمیشن کو اعتماد میں لیا جارہا ہے۔ احسان مانی2004 میں بھارتی ٹیم کو پاکستان لانے کے لئے کردار ادا کر چکے ہیں اب وہ پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے کوشاں ہیں۔ ذرائع کے مطابق لاہور کی میٹنگ میں فرنچائز مالکان نے تسلیم کیا کہ احسان مانیپی سی بی کے معاملات کو بہتر انداز میں سمجھ رہے ہیں اور اس کا عملی مظاہرہ میٹنگ میں دکھائی دیا۔ جن فرنچائز نے بورڈ کے واجبات ادا کرنا ہیں ۔ ان سے انہوں نے علیحدگی میں 45،45منٹ بات چیت کی۔ تاہم احسان مانی نے واضح کیا کہ پاکستان سپر لیگ ، پاکستان کرکٹ کا برانڈ ہے اس کی ٹیلی وژن کوریج کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ کیوں کہ جب پروڈکشن کوالٹی بہتر ہوگی تو دنیا بھر میں اس ٹورنامنٹ کی زیادہ بہتر پذیرائی ہوگی، پراڈکشن کی اضافی کاسٹ بورڈ ادا کریگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ احسان مانی آئندہ ماہ منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کی آمد کے ساتھ کئی معاملات کا انہیں کنٹرول سونپ دیں گے۔ وہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں دنیا بھر میں پاکستان کرکٹ کا بہتر امیج سامنے لانا چاہتے ہیں۔ ان کا مقصد ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں سے روابط اور سب سے بڑھ کر پاکستان کرکٹ ٹیم کے معاملات میں بہتری لانا ہے ۔

تازہ ترین