• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں ہر سال اپنے قارئین کو ایک نئی تفریخ گاہ سے آگاہ کرتا ہوں۔ دسمبر کی برفباری انجوائے کرنے میں اپنی فیملی کے ساتھ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو جاتا رہتا ہوں۔مگر جب اس برفباری اور موسم سرما کی بارشوں سے دل بھر جاتا ہے تو کسی گرم موسم کی تلاش میں ہم ایک نئے ساحل سمندر کی طرف رُخ کرتے ہیں۔اس سال ہم نے امریکہ کی ریاست فلوریڈا جو سمندری ساحلوں کی وجہ سے مشہور ہے ، کے ایک نایاب ساحل SARASOTA کاانتخاب کیا جہاں سردی کے مقابلے میں انتہائی خشک موسم یعنی 18سے 20سینٹی گریڈ تھا، جانے کیلئے چنا۔ دسمبر کے آخری مہینے میں کینیڈا اور امریکہ میں تمام اسکولوں کی 2ہفتے کی چھٹیاں ہوتی ہیں۔اس لئے جہازوں کے کرائے دُگنے ہونے کے ساتھ ساتھ ہوٹلوں کے کرائے بھی اسی مناسبت سے بہت بڑھادیئے جاتے ہیں۔ٹورنٹو سے فلوریڈا کا ہوائی ریٹرن ٹکٹ عام دنوں میں 250ڈالر تک ملتا ہے۔مگر جیسے ہی موسم سرما کی چھٹیاں آتی ہیں، یہ 800سے 1000ڈالر تک پہنچ جاتا ہےتو بہت سے سیاح گاڑیوں میں نکل جاتے ہیں۔وہ بھی خوشگوار تفریح ہوتی ہے۔راستےچونکہ ہرے بھرے اور ساحل سمندر سے بھرے ہوتے ہیں تو سفر مزیدار گزرتا ہے۔نیٹ سے ایک سستی ایئر لائن کا کرایہ ٹورنٹو کے بجائے نیا گرا فال جو تقریباً 80کلومیٹر دُور تھا 400ڈالر میں واپسی کا مل گیا تو ہم نیا گرا فال پہنچے جو دنیا کی سب سے خوبصورت آبشارہے۔یہاں یہ بتانا ضروری ہے کہ نیا گرا فال کا ایک حصہ کینیڈا میں ہے اور دوسرا حصہ امریکہ کی ریاست Bafaloمیں ہے چنانچہ ہم Bafaloپہنچ گئے اور غلطی سے جس ایئرپورٹ پہنچے وہ ایئرلائن دوسرے نزدیکی چھوٹے ائر پورٹ سے جاتی تھی گویا اس چھوٹے سے شہر میں دو ایئرپورٹس تھے چونکہ گاڑیاں ساتھ تھیں لہٰذا 30کلومیٹر دُور والے چھوٹے ایئرپورٹ پر پہنچے جب کائونٹر پر پہنچے تو ہم 8افراد تھے، بہرحال 3گھنٹوں کی فلائٹ سے ہم SARASOTA سے 80میل دُور TEMPAایئر پورٹ پہنچے، رینٹ اے کار لے کر SARASOTA کے ساحل پر پہنچے۔راستے بھر سمندر اور خوبصورت درخت، عمارتیں،نئے نئے پل ملتے رہے۔راستہ بور نہیں لگا ایک گھنٹے کی مسافت کے بعد ہم جس مکان پر پہنچے وہ عین سمندر کے ساحل پر بنا ہوا تھا۔جو ہمارے میزبان دوست نے ہمارے لئے خصوصی طور پر بُک کروایا تھا۔ہم ان کے مہمان جو ٹھہرے۔یہ پاکستان آرمی کے ریٹائرڈ کرنل جواد پیرزادہ صاحب ہیں جو ریٹائرڈمنٹ کے بعد فلوریڈا شفٹ ہوگئے تھے اور 10سال سے وہاں رہائش پذیر ہیں اور وہیںایک سیکورٹی فرم سے وابستہ ہیں۔اس مکان میں 6خوبصورت کشادہ کمرے،لائونج،ڈرائنگ روم،کچن معہ سازوسامان، کشادہ لان،کارپارکنگ کے علاوہ سوئمنگ پول،پانی کی گرم جکوزی الغرض بہترین رہائش گاہ تھی۔ایک ہفتہ خوب انجوائے کیا۔ سمندر میں مچھلیاں پکڑنے کی کوشش کی مگر تیز ہوائوں کی وجہ سے نہیں پکڑ سکے۔خراب موسم کی وجہ سے دُور جانے کی ممانعت تھی۔امریکہ میں مچھلیاں پکڑنے کے لئے اس کا لائسنس لینا پڑتا ہے سو وہ بھی لیا۔ درختوںپر چڑھنے اوراوپر سے نیچے رسیوں سے جانے والا گیم بھی خوب تھا سب نے سارادن انجوائے کیا۔ایک دن مصنوعی برف پرآئس اسکیٹنگ سے بھی سب لطف اندوز ہوئے۔SARASOTAسے 100کلومیٹر دُور ایک بہت بڑا ڈزنی ورلڈ جیسا بش گارڈن (BUS GARDEN)تھا جس میں تقریباً 20رائڈز تھیں۔وہ بھی باآسانی آدھے سے زیادہ مل گئیں۔عام طور پر ڈزنی ورلڈ میں ان دنوں بمشکل 2یا 3رائیڈز ہی مل پاتی ہیں کیونکہ چھٹیوں کے باعث رش بہت ہوتا ہے۔ڈزنی ورلڈ میں آپ پانی تک نہیں لے جاسکتے مگربش گارڈن میں آپ کھانا بھی لے جاسکتے ہیں۔ٹکٹ بھی ڈزنی سے بہت سستا تھا۔ریسٹورنٹس بھی زیادہ مہنگے نہیں تھے آدھے گھنٹے کے فاصلے پر ایک بہت تاریخی EVIE'Sفیملی منی گالف سینٹر تھا۔ جس میں 18ہول تھے سب نے مل کر منی گالف بھی انجوائے کیا۔ SARASOTAکی خصوصیت یہ ہے کہ یہ نیا شہر ہے۔ہالی ووڈ کی طرح بڑے بڑے اداکار،ارب پتی کھلاڑیوں نے گرمیاں انجوائے کرنے کے لئے اس کے ساحل پر خوبصورت گھر بنوارکھے ہیں۔ بہت سے لوگ ان کو کرائے پر بھی دے دیتے ہیں بہت مہنگے کرائے پر۔ ان دنوں خاص طور پر کرسمس اور نئے سال کی وجہ سے دُگنی تگنی قیمتوں پر 5ہزار ڈالر سے 20ہزار ڈالر فی ہفتہ ملتے ہیں۔عام دنوں میں تو ایک ماہ کا کرایہ صرف 5ہزار ڈالر ہوتا ہے۔البتہ 3اسٹار ہوٹل بہت ہیں جن کا کرایہ 200سے لے کر 300اور فائیواسٹار ہوٹل 500ڈالر یومیہ ہوتا تک ہے۔اس شہر کی خوبی یہ ہے کہ یہاں ہر طرح کے ریسٹورنٹس مل جائیں گے خوبصورت باغ، خوبصورت واک وے برج کے ساتھ بنائے ہوئے ہیں۔ہم سے غلطی ہوئی خود SARASOTA میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھی تھا۔ ہمیں معلوم نہیں تھا ورنہ ہم دُور آنے جانے کی زحمت سے بھی بچ جاتے۔یہاں سیاحوں کا جمگھٹا لگا رہتا ہے البتہ ان دنوں ہوٹلوں میں کمرے پہلے بُک کروانا بہتر ہے۔رات گئے تک پبلک روڈ پر آتی جاتی رہتی ہے دنیا کے بہترین برانڈ کاسامان یہاں ملتاہے،مالز بھی بھرے ہوئے ہیں اکثر سیاح یہاں کی سوغاتیں جن پر SARASOTAلکھا ہوتا ہے، ضرور خریدتے ہیں ایک ہفتے کا پتہ ہی نہیں چلا۔ امریکہ کا خوبصورت ترین شہر اور لمبا ساحل دیکھنا ہو تو SARASOTAکا جواب نہیں ہے۔یہ ڈزنی لینڈ سے بھی 2گھنٹے کے فاصلے پر واقع ہے اگر فلوریڈا جائیں تو یہاں ضرور جائیں۔

تازہ ترین