• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی پارلیمان میں بریگزیٹ ڈیل مسترد، تحریک عدم اعتماد پیش


لندن(جنگ نیوز)برطانوی اراکین پارلیمنٹ نے بریگزیٹ ڈیل مسترد کردی ہے،دارالعوام میں ڈیل کے حق میں 202 جبکہ مخالفت میں 432 ووٹ ڈالے گئے ہیں جبکہ تحریک عدم اعتماد پیش کردی ہے اور اس کیلئے ووٹنگ بدھ کو (آج)ہوگی ۔وزیرِ اعظم ٹریسا مے کو ہونے والی یہ شکست کسی بھی موجودہ برطانوی حکومت کی تاریخ کی سب سے بڑی شکست ہے۔ اس سے قبل برطانوی حکمراں جماعت بریگزٹ ڈیل دارالامرا سے بھی منظور کرانے میں ناکام ہوگئی تھی،اپوزیشن رہنما جریمی کوربن نے کہا حکومت نے عوام کا اعتماد کھو دیا اسے تباہ کن شکست ہوئی عدم اعتماد تحریک پیش کردی ووٹنگ بدھ کو ہوگی۔تحریک پر بحث کا آغازممکنہ طور پر الیکشن مہم کا آغاز بھی ہوسکتا ہے ۔دریں اثنا تھریسامے نے بریگزیٹ ڈیل مسترد ہونے پر اپنے بیان میں کہا کہ جسےجانچناہےجانچ لے،حکومت کواعتمادحاصل ہےیانہیں،انہوں نے کہا کہ ووٹنگ نتائج سےثابت ہوتاہےکہ اراکین پارلیمنٹ کی اکثریت ڈیل سےمتفق نہیں۔ اگر تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوتی ہے تو حکومت یا اکثریت کے ساتھ اقتدار سنبھالنے کی اہلیت رکھنے والی جماعت کے پاس 14 دن ہوں گے کہ وہ پارلیمان سے اعتماد حاصل کرے۔ اگر وہ ایسا کرنے میں کامیاب نہیں ہوتے تو ملک میں عام انتخابات کا انعقاد کروایا جائے گا۔ لندن کے میئر صادق خان نے کہا ہے کہ ارکانِ پارلیمان نے اس معاہدے کو مسترد کر کے صحیح فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’تمام جماعتوں کے ارکان کو احساس ہے کہ اس معاہدے سے حالات بدترین ہوں گے آنے والے نسلوں کے لیے مواقع کم ہو جائیں گے۔‘ صادق خان کا کہنا تھا کہ ’اب آگے جو ہوگا وہ ہمارے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔‘انھوں نے کہا وزیرِ اعظم کو آرٹیکل 50 سے دستبردار ہونا چاہیے۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ لارڈ قربان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد آنے سے حکومت الیکشن کی طرف جا سکتی ہے ۔اگر الیکشن ہوں گے تو بریگزٹ ڈیل کا کیا ہوگا اس سے غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہوگی کیوں کہ الیکشن کے لیے دو تین ماہ درکار ہوں گے۔میرے خیال سے بریگزٹ ڈیل کی ناکامی کا حل الیکشن نہیں ہیں اگر کل وزیر اعظم عدم اعتماد کی تحریک کے بعد بھی وزیر اعظم رہتی ہیں تو ان کے پاس دو تین اور آپشنز بھی ہیں ایک آپشن یہ ہے کہ وہ دوبارہ ریفرنڈم بھی کراسکتی ہیں وہ چاہیں تو دوسری پارٹی کے ساتھ مل کر کوئی ایسا حل نکالیں جو سب کے لیے قابل قبول ہو۔بریگزٹ کا ایشو حل کرنا اپوزیشن اور حکومتی جماعت دونوں کی ترجیح ہے الیکشن اس کا فوری حل نہیں ہے۔ادھر بریگزیٹ ڈیل مسترد ہونے کے بعد برطانوی پائونڈ کی قدر بھی بڑھ گئی ہے ۔

تازہ ترین