• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکپتن اراضی کیس، JIT نے نواز شریف کو غیرقانونی منتقلی کا ذمہ دار قرار دیدیا

اسلام آباد ( رپورٹ، رانا مسعود حسین )پاکپتن دربار اراضی کیس میں جے آئی ٹی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو محکمہ اوقاف کی زمین غیر قانونی طور پر دربار کے سجادہ نشین کو منتقل کرنے کا ذمہ دار قرار دیدیا،سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کی جانب سے منگل کو جمع کرائی گئی رپورٹ پر حکومت پنجاب اور نوازشریف سے 2 ہفتو ں کے اندر اندر جواب طلب کرلیا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہیں چوروں نے زمینیں لیکر آگے بیچ دیں ، تفتیش اور انکوائری ہوئی تو کوئی بھی بچ نہیں پائیگا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل تین رکنی بنچ نے گزشتہ روز سماعت کی تو جے آئی ٹی کے سربراہ حسین اصغر نے رپورٹ پیش کی جس میں محکمہ اوقاف کی14ہزار کنال اراضی کی غیر قانونی منتقلی کا ذمہ دار اس وقت کے وزیر اعلیٰ پنجاب نواز شریف کو ٹھہراتے ہوئے بیان کیا گیا کہ انہو ں نے نہ صرف بابا فرید الدین مسعود گنج شکر کے مزار بلکہ حجرہ شاہ مقیم اور دربار حافظ جمال ملتان کی اراضی بھی غیر قانونی طور پر لوگوں میں تقسیم کی تھی ، رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا ڈسٹرکٹ جج اورلاہور ہائیکورٹ نے کہہ دیا تھا وقف شدہ اراضی کا نوٹیفکیشن واپس نہیں ہوسکتا پھر کس قانون کے تحت وقف اراضی کا نوٹیفکیشن واپس لیاگیا تھا؟ جس پر نوازشریف کے وکیل منوردوگل نے موقف اختیار کیاکہ انکے موکل نے جواب دیا ہے کہ انہوں نے ایسا کچھ نہیں کیا۔ چیف جسٹس نے کہا آپ کو پہلے بھی سمجھایا تھا جواب دیتے وقت حقائق کو مدنظر رکھیں اب جے آئی ٹی کی رپورٹ بھی آ گئی ہے، آپ شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار کا کردار ادا کررہے ہیں ۔
تازہ ترین