• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بے نظیرقتل کیس، مشرف 2 منجمد اکائونٹس سے رقوم نکلواتے رہے، انکشاف پر عدالت برہم

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک راولپنڈی کے جج محمد اصغر خان نے بینظیر بھٹو قتل کیس کے اشتہاری ملزم سابق صدر پرویز مشرف کے دو منجمد بینک اکائونٹس سے رقوم نکلوانے کے انکشاف پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے15 فروری کو مکمل رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے حکم دیا کہ ملزم کے اکائونٹس منجمد ہونے کے بعد ان اکائونٹس سے کس طرح رقم نکالی گئی، تفتیشی افسر اور پراسیکیوٹر آئندہ سماعت پر وضاحت پیش کریں، عدالت نے بینظیر قتل کیس میں ضمانت کے بعد مفرور ملزم پرویز مشرف کی تمام منقولہ وغیرمنقولہ جائیداد کی تفصیلات طلب کی تھیں، ایف آئی اے کے تفتیشی افسر بعض بینک اکائونٹس اور جائیدادوں کی ابتدائی معلومات فراہم کرنے کے بعد مزید جائیدادوں کی تفصیل فراہم کرنے کیلئے مسلسل وقت طلب کر رہے تھے، گزشتہ سماعت 15؍ دسمبر کو پراسیکیوٹر خواجہ امتیاز اور ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے انسپکٹر عظمت کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حکم دیا تھا کہ 15؍ جنوری کو دونوں اپنی حاضری یقینی بنائیں۔ گزشتہ روز سماعت شروع ہوئی تو تفتیشی افسر نے عدالت میں ملزم کے عسکری اور حبیب بینک کے اکائونٹس فراہم کئے لیکن دونوں اکائونٹس میں رقم کم تھی جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ قبل ازیں جب ان بینک کے اکائونٹس پیش کئے گئے تھے تو اس وقت ان دونوں اکائونٹس میں رقم زیادہ تھی پھر یہ کیسے ممکن ہوا کہ ملزم کے اکائونٹس منجمد اور معاملہ عدالت میں ہو اور پھر بینکوں سے رقوم نکال لی جائیں ،15 فروری کو اس بارے میں مکمل رپورٹ فراہم کریں۔
تازہ ترین