• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’کبھی احتساب کے نام پر احتساب نہیں ہوا‘‘

مسلم لیگ نون کے رہنما،رکن قومی اسمبلی اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق نے کہا ہے کہ پاکستان میں کبھی بھی احتساب کے نام پراحتساب نہیں کیا گیا، چاہے مارشل لاء ہویا اپنا دور ہو۔

احتساب عدالت میں صحافیوں سے گفت گو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتساب کے پورے نظام پرنظر ثانی کی ضرورت ہے۔

سعد رفیق نے کہا کہ اپوزیشن کے اتحاد کا کریڈٹ عمران خان کی بچگانہ اور انتقام پر مبنی پالیسیوں کو دینا چاہیے، متحدہ پوزیشن بنے گی تو حکومت پر دباؤ بڑھے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس غیر سنجیدہ حکومت سے ملک سنبھالا نہیں جا رہا، ملک لرز رہا ہے، اپوزیشن کا اتحاد وقت کی ضرورت تھا، میں اس کی حمایت کرتا ہوں۔

سابق وزیر ریلوے نے کہا کہ اپوزیشن کا اتحاد اپنے آپ کو بچانے کے لیے نہیں بنایا گیا، این آر او کی بات احمقانہ ہے، کوئی وزیراعظم اس ملک میں این آر او دینے کے قابل نہیں۔

خواجہ سعدرفیق کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگرحکومت ملک کو ٹھیک طریقے سے نہیں چلائے گی تو اپوزیشن اسے ٹف ٹائم دے گی۔

علاوہ ازیں احتساب عدالت نے سابق وزیر ریلوے اور مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ سعد رفیق کے راہداری ریمانڈ میں پانچ روزکی توسیع کر دی۔

واضح رہے کہ نون لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق پیراگون ہاؤسنگ اسکیم کے اسکینڈل میں نیب کی حراست میں ہیں۔

انہیں اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پروڈکشن آرڈرز پر اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے طلب کرنے پر عدالت کی جانب سے راہداری ریمانڈ ملا ہوا ہے جس میں آج توسیع کی گئی۔

تازہ ترین