• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’وفاق سندھ سے پانی پر زیادتی کر رہا ہے‘‘

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ وفاق سندھ سے پانی کے معاملے پر زیادتی کر رہا ہے۔

سندھ اسمبلی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ماضی میں پانی کا کوئی بحران نہیں تھا، 1991ء میں بھی سندھ کے پانی میں سب سےکم اضافہ کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی پانی کے معاملے پر سندھ کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، انڈس واٹر معاہدے میں سندھ سے کسی کو نہیں لیا گیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ رساکاپانی کےتقسیم کانظام غلط ہے، پانی کی تقسیم میں ارسا نے سندھ سے نا انصافی کی، یہ ادارہ معاہدے پر مکمل عمل درآمد نہیں کر رہا۔

انہوں نے کہا کہ اگر سسٹم میں پانی کم آئے تو اس کے نظام کے مطابق ایک صوبے کا حصہ بڑھ جائے گا، پانی کے معاملے پر بلوچستان نےسندھ کاساتھ دیا ہے۔

مرادعلی شاہ کا مزید کہنا ہے کہ کوئی ثابت نہیں کر سکتا کہ بے نظیر بھٹو شہید کے دور حکومت میں کالا باغ ڈیم کے لیے پیسے رکھے گئے تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ سیلاب سے بچاؤ کے لیے چھوٹے ڈیم کی نہیں بڑے ڈیم کی ضرورت پڑتی ہے، جبکہ ڈیم بھرنے کے لیے اضافی پانی چاہیے ہوتا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ جب ہمیں فصل کے لیے پانی چاہیے ہوتا ہے تو وہ منگلا ڈیم بھر رہے ہوتے ہیں، حالانکہ ڈیم میں پانی تب بھرا جاتا ہے جب پانی اضافی ہو۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں اپنی لیڈر شپ اورعوام کو جواب دہ ہوں، جے آئی ٹی کے بارے میں بھی بولوں گا لیکن ابھی وقت کم ہے۔

تازہ ترین