• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’بلاول کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم نہیں دیا‘

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم نہیں دیا ہے۔

پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی شازیہ مری نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 7 جنوری کو چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے حکم دیا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے، مگر دو مرتبہ کابینہ کا اجلاس ہونے کے باوجود بلاول کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا گیا وہ بدستورای سی ایل میں موجود ہے۔

شازیہ مری کے اعتراض کا جواب دیتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چیف جسٹس نے ای سی ایل سے نام ہٹانے کا حکم نہیں دیا تھا، فیصلے میں کہا گیا تھا کہ اس معاملے کو دیکھیں، کابینہ اجلاس میں یہ نقطہ بھی اٹھایا گیا تھا کہ اس حوالے سے عدالت کا تفصیلی حکم نہیں ملا ہے، ای سی ایل سے نام نکالنے سے انکار کسی نے نہیں کیا تاہم اس سے متعلق بنائی گئی حکومتی کمیٹی معاملے کو دیکھ رہی ہے۔

اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر کا کہنا تھا کہ جب ای سی ایل میں نام ڈالا گیا تھا تو عدالت کے تحریری فیصلے کا انتظار نہیں کیا گیا، پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے کسی بھی شخص کا نام 24 گھنٹے میں ای سی ایل سے نکال لیا جاتا ہے، اس لسٹ کو حکومت سیاسی انتقام کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں کے معاملے پرحکومت اپنی کمیٹی تشکیل دے گی، ہم اپنی حریف جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے اور اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے لیے آئینی ترمیم درکار ہے جس پر دو تہائی اکثریت چاہیے، پارلیمنٹ میں کسی جماعت کے پاس دو تہائی اکثریت نہیں، اس پر اپوزیشن کے تعاون کی ضرورت ہے ، اس لیے اپوزیشن سے مشاورت کیے بغیر فوجی عدالتوں پر کوئی حتمی رائے نہیں دے سکتا۔

واضح رہےحکومت نے جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں آصف زرداری، بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت کئی پی پی رہنماؤں کے نام ای سی ایل میں ڈالے۔

چیف جسٹس پاکستان نے 31 دسمبر کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے دوران جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا جب کہ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام بھی ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا تاہم حکومت نے یہ معاملہ جائزہ کمیٹی کے سپرد کردیا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اُن کی جماعت فرنٹ ڈور ڈپلومیسی کررہی ہے، ایسے میں پیپلزپارٹی کو بیک ڈور ڈپلومیسی کی کیا ضرورت ہے۔ وہ پارلیمنٹ ہاوس آمد پر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے ۔

تازہ ترین