• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’کسی وزیر با تدبیر کی خواہش پر گرفتاریاں نہیں کرسکتے ‘

قومی احتساب بیورو (نیب) نے کہا ہے کہ کسی وزیر با تدبیر کی خواہش پر کسی کو بھی گرفتار نہیں کرسکتے۔

ترجمان نیب نے کہا کہ کسی وزیر کی خواہش پر سابق صدر آصف زرداری یا ان کی بہن فریال تالپور اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو گرفتار نہیں کیا جاسکتا۔

ترجمان نیب نے مزید کہا کہ متعلقہ وزیر کے ہیلی کاپٹر کیس میں نیب سے معافی مانگنے کے مطالبے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ نیب کو سپریم کورٹ کے فیصلے کی مصدقہ نقول تاحال نہیں ملی اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں قانون راستہ خود بنائے گا لہٰذا سست روی کے تاثر کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔

'ترجمان نیب کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات کے بیانات اور انٹرویو کے متن پیمرا سے طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں دیکھا جائے گا یہ بیانات نیب پر بلاواسطہ یا بالواسطہ اثر انداز ہونے کی کوشش تو نہیں۔

گزشتہ روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے آصف زرداری اور فریال تالپور کی عدم گرفتاری پر حیرت کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھاکہ آصف زرداری اور فریال تالپور کو گرفتار کرکے کیس آگے بڑھانا چاہیے تھا،پارلیمنٹ کا اجلاس نہ ہوتا تو نیب کےلئے اچھا موقع تھا کہ وہ چھاپہ مار کر سب کو پکڑلیتی۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں یہ بھی کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہیلی کاپٹر کیس ختم کرکے نیب کو ان سے معافی مانگنی چاہیے۔

تازہ ترین