• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’دورہ کراچی سے مراد شاہ کے جانے کی بنیاد رکھ دی ‘

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سندھ تبدیلی کے دہانے پر ہے،کراچی میں ملاقاتوں کے نتیجے میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے جانے کی بنیاد رکھ دی ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ سندھ میں گورنر راج کا کوئی امکان نہیں جو بھی تبدیلی لائی جائے گی اس میں پیپلز پارٹی کے ارکان کا تعاون شامل ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ کل اپوزیشن جماعتوں نے اتحاد برائے بحالی کرپشن بنایا ہے،جو پنجاب میں ن لیگ کا حال ہوا وہی سندھ میں پیپلز پارٹی کا ہونے جارہا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف کے بعد آصف زرداری کا سیاسی کیرئیر بھی خاتمے کے قریب ہے،کراچی میں پی پی کا کوئی سیاسی مستقبل باقی نہیں رہا،پہلا موقع ہے پی پی قیادت خود وزیراعلیٰ بدل دے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر پی پی قیادت مراد علی شاہ کو نہیں ہٹاتی تو وزیراعظم عمران خان فیصلہ کریں گے کہ گیس کے غبارے سے کب ہوا نکالنی ہے۔

فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ سندھ ابھی فائنل نہیں ہوا،کراچی کے لئے کچھ عملی اقدامات کریں گے، اب سندھ کے فنڈز صوبے کی عوام پر ہی خرچ ہوں گے۔

تازہ ترین