• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرٹس کونسل کا بحالی امن اہم کردار ہے، مرادعلی شاہ

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آرٹس کونسل کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے پر نو منتخب عہدیداران اور گورننگ باڈی کے اراکین کومبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج میں یہاں اس شاندار عمارت کو دیکھ کر بہت خوش ہوں۔


انھوں نے کہا کہ میں وزیراعلیٰ بننے کے چند دن بعد ہی آزادی فیسٹیول کے سلسلے میں یہاں آیا تھا اور پاکستان کا جھنڈا بلند کیاتھا مگر اُس وقت یہاں ایک نامکمل ڈھانچہ کھڑا تھا اور میں نے احمد شاہ سے کہا تھا کہ یہ بلڈنگ کیوں ادھوری پڑی ہے ، انہوں نے کہا کہ پیسے نہیں ہیں تو میں نے کہا کہ شاہ صاحب اسے جلد مکمل کریں ، اگلے جشن آزادی پر میں اس پر جھنڈا لہرائوں گا اور جو بھی فنڈ تکمیل کے لیے چاہیے وہ ہم نے فراہم کیے اور آج یہ ایک بہترین عمارت کی شکل میں موجود ہے۔

جس میں جدید اکیڈمیز ، لائبریری، اسٹوڈیوز ، ہال ، گیلریاں اور بہت کچھ ہے گویا کہ علم و ثقافت کا مرکز ہے ۔انہوں نے کہا کہ احمد شاہ قومی ثقافتی کانفرنس ، فیض فیسٹیول اور ورلڈ کلچر سمیت، بین الاقوامی معیار کے پروگرام کرنے جارہے ہیں ۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ان خیالات کا اظہار آرٹس کونسل میں گورننگ باڈی کے منتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صوبائی وزراء سید سردار علی شاہ ،باری پتافی اور مرتضیٰ وہاب بھی موجودتھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم آرٹس کونسل کو یقین دلاتے ہیں کہ سندھ حکومت بلاول بھٹو کی قیادت میں ایسی بہترین سرگرمیوں پر آرٹس کونسل کو مالی معاونت سمیت ہر طرح کی سپورٹ فراہم کرے گی۔ آرٹس کونسل نے بہت شاندار کام کیے ہیں اس کا حسن یہ ہے کہ یہاں گذشتہ 64 برسوں سے انتخابات ہوتے ہیں اور جمہوری روایات کو برقرار رکھا جاتا ہے ۔ اگر پاکستان میں بھی یہ روایت اسی طرح چلتی تو آج ہم ایک بہت بہتر شکل میں ہوتے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ جو ڈاکیومنٹری دکھائی گئی ، یہ پچھلے 11 سال کی عکاسی تھی۔یہ وہ دور تھا جب شہر کا امن یرغمال تھا اورہم سب نے مل کر شہر میں امن کو بحال کیا۔انہوں نے کہا کہ کنٹینر الگ شے ہے ، الیکشن الگ چیز ہے، اور حکومت الگ کام ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے پی ٹی آئی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ اب کنٹینر سے نیچے آجائیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم اس شہر کی تعمیر پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں، اب ہم امن وامان کو یقینی بنا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں نے وعدہ کیا تھا اور پی ایس ایل 2018 کا فائنل کراچی میں کرایا۔اب کراچی میں پی ایس ایل کے پانچ میچز ہوں گے، یہ سب بہترامن و امان کا نتیجہ ہے ۔پی پی پی حکومت اس صوبے اور ملک کو جمہوری راہوں پر مزید مضبوط کرے گی۔ملک ترقی کرے گا علم کی شمعیں روشن ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل کا اس شہر کاامن بحال کرنے، دہشت گردی کے خاتمے ، نفرتوں کو کم کرنے اور مختلف زبانیں بولنے والوں کے درمیان فاصلے کم کرنے میں بہت بڑا کردار ہے جس کی ایک بڑی مثال آپ کی باڈی میں ہی ملتی ہے کہ جہاں ادی نورلہدیٰ شاہ، حسینہ معین ، منور سعید ، طلعت حسین اور ڈاکٹر ایوب آپ کےساتھ کام کررہے ہیں ۔ اس طرح کا سندھ اور اس طرح کا پاکستان ذوالفقار علی بھٹو بنانا چاہتے تھے اور یہی خواب محترمہ بےنظیر بھٹو صاحبہ کا تھا اور اب ہمارے چیئرمین بلاول صاحب اسی راستے پر چل رہے ہیں ۔

تازہ ترین