• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ون ڈے سیریز ،پاکستان فارمیٹ کے ساتھ قسمت بدلنے کا خواہاں،قومی کرکٹ ٹیم کا پورٹ الزبتھ میں پڑاؤ

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) جنوبی افریقا کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے لیے بدھ کو پاکستانی ٹیم جوہانسبرگ سے پورٹ الزبتھ پہنچ گئی ہے۔ فارمیٹ تبدیل ہونے کے بعد پاکستان ٹیم قسمت بھی بدلنےکیلئے کوشاں ہوگی۔ جنوبی افریقا اور پاکستان کے درمیان 5 ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا میچ ہفتے کو کھیلا جائے گا۔ آل رائونڈرز عماد وسیم اور حسین طلعت، بی پی ایل میں شرکت کرنے والے شعیب ملک اور محمد حفیظ بنگلا دیش جبکہ بگ بیش کا حصہ بننے والے عثمان شنواری آسٹریلیا سے جوہانسبرگ پہنچ گئے تھے۔ کپتان سرفراز احمد، فخرزمان، امام الحق، شان مسعود، بابر اعظم، محمد رضوان، شاداب خان، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر اور شاہین شاہ آفریدی پہلے ہی وہاں موجود تھے۔ ون ڈے اسکواڈ جوہانسبرگ سے پورٹ الزبتھ پہنچا۔ ٹیسٹ سیریز مکمل ہونے کے بعد اظہر علی، اسد شفیق، محمد عباس اور یاسر شاہ جوہانسبرگ سے ہی وطن واپس روانہ ہوگئے ہیں۔ دریں اثنا جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے اوپنر شان مسعود کی ون ڈے سیریز میں شرکت مشکل ہے۔ حالانکہ ان کے بارے میں جوہانسبرگ ٹیسٹ کے بعد کپتان سرفراز احمد نے کہا تھا کہ شان مسعود کی بیٹنگ کارکردگی ٹیسٹ سیریز میں مثبت بات ہے۔ شان مسعود نے تین ٹیسٹ میچوں میں38کی اوسط سے228رنز دو نصف سنچریوں کی مدد سے بنائے تھے۔ لیکن انہیں ون ڈے سیریز کے لئے الیون میں جگہ بنانے میں مشکل دکھائی دے رہی ہے۔ شاداب خان اور حسین طلعت کی موجودگی میں آل راونڈر عماد وسیم کا بھی ٹیم میں آنا آسان نہیں ہوگا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی پہلے ون ڈے میں اننگز کا آغاز امام الحق کے ساتھ فخر زمان کریں گے۔ ٹیسٹ سیریز میں دونوں اوپنرز کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔ امام نے149رنز بنائے جبکہ باونسی وکٹوں پرفخر زمان چار اننگز میں32 رنز ہی بناسکے۔ ان کا سب سے زیادہ اسکور 12رنز تھا۔ ون ڈائون پر بابر اعظم، چوتھے نمبر پر محمد حفیظ اور پانچویں پر شعیب ملک کھیلیں گے۔ ٹیم انتظامیہ آل رائونڈر حسین طلعت کو کھلانے پر غورکررہی ہے تاکہ ان کی بولنگ سے بھی فائدہ اٹھایا جاسکے۔ چھٹے نمبر پر آنے والے حسین طلعت ، شعیب ملک اور محمد حفیظ کے ساتھ مل کر بولنگ میں دس اوورز کرائیں گے۔ کپتان سرفراز احمد ساتویں نمبر پر آئیں گے آٹھواں نمبر لیگ اسپنر شاداب خان کا ہوگا۔ پاکستان تین فاسٹ بولروں محمد عامر، شاہین آفریدی اور حسن علی کو کھلائے گا۔

تازہ ترین