• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی حکومت کو پارلیمنٹ میں شکست،یورپی یونین سے نکلنے کے متعلق نیا ریفرنڈم کرایا جائے،نکولا سٹرجن

گلاسگو (طاہر انعام شیخ)سکاٹ لینڈ کی حکومت کی سربراہ نکولاسٹرجن نے مطالبہ کیا ہے کہ بریگزٹ بل پر پارلیمنٹ میں  بدترین حکومتی شکست کے بعد اب مناسب طریقہ یہی ہے کہ یورپی یونین سے نکلنے کے متعلق ایک نیا ریفرنڈم کرایا جائے۔ بریگزٹ کے متعلق آرٹیکل 50پر گھڑی کی سوئیوں کو اسی مقام پر روک دیا جائے اور معاملات کو دوبارہ عوام کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ وہ بدستور یورپی یونین میں رہ سکیں۔ نئے ریفرنڈم کے لئے فوری طور پر نئی قانون سازی کی جائے وگر نہ اس بات کے شدید خطرات ہیں کہ برطانیہ کو بغیر کسی ڈیل کے یورپی یونین سے نکلنا پڑے جو ہمارے لئے نہایت خطرناک ہوگا۔ نکولا سٹرجن کی سکاٹش نیشنل پارٹی برطانوی وزیراعظم تھریسامے کے خلاف جیرمی کوربن کی طرف سے پیش کردہ عدم اعتماد کی تحریک کی بھی دیگر پارٹیوں لبرل ڈیموکریٹ، بلیڈسمرد اور گرین پارٹی کے ہمراہ حمایت کررہی ہےلیکن اس بات کا بہت زیادہ امکان ہے کہ تھریسامے کے خلاف یہ تحریک کامیاب نہ ہوسکےگی کیونکہ کنزرویٹو پارٹی کے 115ممبران جنہوں نے بریگزٹ ڈیل کے خلاف ووٹ دیا تھا اور ڈی یوپیDUPکا کہنا ہے کہ ان کا مقصد حکومت کی نہیں بلکہ پالیسی کی تبدیلی ہے۔ویسے بھی صورتحال کچھ ایسی محسوس ہوتی ہے کہ کنزرویٹو پارٹی نئے الیکشن کے لئے تیار نہیں جب کہ لیبرپارٹی نے نئے الیکشن کا مطالبہ کیا ہے اور وہ سمجھتی ہے کہ نئے الیکشن کی صورت میں وہ خاصی بہتر کارکردگی دکھاسکے گی۔ نکولا سٹرجن کا کہنا ہے کہ ان کی آخری منزل برطانیہ سے آزاد ایک ایسے سکاٹ لینڈ کا قیام ہے جو یورپی یونین کا مکمل ممبر ہو۔ سکاٹ لینڈ کے مفادات کی حفاظت صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب اس کے عوام اپنے تمام فیصلے خود کریں گے۔

تازہ ترین