• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ سانت روک کے زخمی تنویر احمد ہوش میں آگئے

بارسلونا(نمائندہ جنگ)سانحہ سانت روک کے زخمی تنویر احمد کو ہوش آگیا ۔بارسلونا کے مقامی ہسپتال میں زیر علاج تنویر احمد بدقسمت رہائشی عمارت کی 8ویں منزل میں مقیم تھے ان کے ساتھ عبدالرزاق اور زاہد اللہ ان کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے لیکن تنویر احمد کھڑکی سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے وہ سات دن کے بعد گزشتہ روز ہوش میں آئے قونصل جنرل عمران علی چوہدری اور معروف سماجی شخصیت چوہدری شہزاد اکبر وڑائچ نے ہسپتال جا کر تیمار داری کی اس موقع پر قونصل جنرل نے کہادو ہفتے کی پریشان کن کیفیت میں گزرنے کے بعد اللہ تعالیٰ نے ایک خوشی کی خبر دی ہے کہ ہمارے بھائی تنویر احمد کو نئی زندگی ملی ہے۔ انہو ں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان اور سفارت خانہ پاکستان میڈرڈ متاثرین کی ہر ممکن مدد کر رہا ہے ۔ تنویر احمد نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے رب کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے۔ جس نے مجھے اس سانحہ میں محفوظ رکھا اور نئی زندگی عطا کی ہے۔ انہو ں نے قونصل جنرل عمران علی چوہدری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ مشکل وقت میں ہمارے ساتھ رہے۔ مجھے بتایا گیا تھا کہ جب میں بے ہوش تھا اس وقت بھی آپ مجھے دیکھنے کے لئے یہا ں ہسپتال تشریف لائے تھے۔ معروف سماجی اور ٹیکسی سیکٹر کی متحرک شخصیت چوہدری شہزاد اکبر وڑائچ نے اپنے سیکٹر کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اور قونصل خانہ بھر پور تعاون کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود اگر انہیں کسی بھی قسم کے تعاون کی ضرورت ہو تو ٹیکسی سیکٹر اپنی خدمات پیش کرنے کے لئے تیار ہے۔ قونصل جنرل عمران علی چوہدری نے کہا کہ سانحہ سانت روک کے پاکستانی متاثرین کسی بھی مدد کے لئے رابطہ کر سکتے ہیں ۔
تازہ ترین