• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان، MQM کو پارٹی دفاتر کھلوانے اور کارکن بازیاب کرانے کی یقین دہانی

اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) وزیر اعظم عمران خان نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کو پارٹی کے بند دفاتر کھلوانے اور کارکن بازیاب کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے اور کہا ہے کہ سندھ کی عوام کو درپیش مسائل کا ادراک ہے۔ مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت اپنا کردار ادا کرے گی،کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی اور تکمیل میں درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ یقین د ہانی ایم کیو ایم کے ممبران قومی اسمبلی سے گفتگو میں کرائی ،ملاقات میں صوبہ سندھ اور کراچی حیدرآباد جیسے بڑے شہروں کے شہریوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے بات چیت کی گئی ۔ دونوں جماعتوں کے مابین اتحادی امور پر بھی گفتگو کی گئی،ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے صوبائی سطح پر دونوں جماعتوں کے درمیان کوآرڈی نیشن کی مزید بہتری کیلئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی سربراہی میں کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ۔ یہ طےپایا کہ وزیر اعظم آ ئندہ ماہ حیدر آباد یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے،بعد ازاں تاریخی ورثہ کی حامل سر کاری بلڈنگز کے نئے استعمال کی نگرانی کیلئے بنائی گئی کمیٹی کے ایک ا جلاس سے خطاب کرتےوزیر اعظم نے ہدایت دی کہ تاریخی ورثہ اور مذہبی سیاحت کی حامل عمارتوں کی میپنگ کا کام جلد مکمل کیا جا ئے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے دو مقصد ہیں ۔ ایک تو یہ کہ تاریخی ورثہ کی حامل ان سر کاری عمارتوں کو عوام کیلئے کھولا جا ئے۔ دوسرے یہ کہ ان تاریخی عمارتوں کوا س انداز میں محفوظ بنا یا جا ئے کہ ان سے اتنا ریونیو حاصل ہو جس سے ان کی مینٹی نینس ہو سکےاور ٹیکس گزاروں کی رقم مینٹی نینس کے مقاصد کیلئے استعمال نہ ہو۔

تازہ ترین