• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی الزام تراشی کو چھوڑ کر قانون سازی پر آئے،خرم دستگیر

کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈانے کہا ہے کہ خرم دستگیر خان کا بھی ایک غیرقانونی پمپ نکلا جو ہم نے گرایا ہے، برٹش پاسپورٹ کی بات پر خرم دستگیر کو عدالت لے جاؤں گا،پیپلز پارٹی اورن لیگ فوجی عدالتوں کی توسیع کے بل کو پاس کروائیں گی، حکومت ایک نشست کی اکثریت سے بھی کھڑی ہوتی تو کوئی نہیں گرا سکتا تھا، نفیسہ شاہ کے والد سابق وزیراعلیٰ سندھ نے عذیر بلوچ کے ساتھ تصویریں کھنچوائیں۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما خرم دستگیر خان اور پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ بھی شریک تھیں۔خرم دستگیر خان نے کہا کہ فیصل واوڈا نے پروگرام میں میرے بارے میں غلط بات کی انہیں عدالت لے کر جاؤں گا، میں پھر برٹش پاسپورٹ پر بھی جاؤں گا، جب ٹبر کے نعرے لگیں گے تو سارے ٹبر کھینچے جائیں گے، عمران خان کو جواب دینا ہوگا کاغذات نامزدگی میں بچوں کی تعداد درست لکھی یا نہیں لکھی، پی ٹی آئی الزام تراشی کو چھوڑ کر قانون سازی پر آئے۔نفیسہ شاہ نے کہا کہ علیمہ باجی سلیقہ سلائی مشین سے کپڑے بنا بنا کر ارب پتی ہوگئیں، حکومت منی بجٹ میں بڑا یوٹرن لینے والی ہے، پیپلزپارٹی اصولی طور پر فوجی عدالتوں کیخلاف ہے ، فوجی عدالتوں پر فیصلہ زمینی حقائق دیکھ کر کیا جائے گا۔فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی کا سندھ حکومت گرانے کا کوئی پروگرام نہیں نہ ہی گورنر راج کی سوچ ہے، سندھ حکومت کو مینڈیٹ عوام نے دیا وہی واپس لے سکتے ہیں، چوہدری منظور جیسے سینئر سیاستدان وفاقی وزراء کو بند کرنے کی بات کرتے ہیں تو ہنسی آتی ہے، سعید غنی نے سندھ میں پی ٹی آئی وزراء کے داخلہ پر پابندی کی بات کی تو مجبوراً جواب دینا پڑا، فواد چوہدری نے ان بیانات کے تناظر میں ہی سیاسی بیانات دیئے۔فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مسائل پر سب کو اکٹھا ہونا پڑے گا، قومی اسمبلی میں تحمل سے اپوزیشن کی باتیں سنیں مگر ہماری باری پر اپوزیشن لیڈر بہانہ بنا کر چلے گئے، اپوزیشن قیادت اپنے ذاتی مسائل حل کرنا چاہتی ہے مگر عوام کے مسائل پر کبھی ساتھ کھڑے نہیں ہوتی، پیپلز پارٹی اور ن لیگ ساتھ ہو کر بھی ساتھ نہیں ہوں گے، دونوں جماعتیں فوجی عدالتوں کی توسیع کے بل کو پاس کروائیں گی، فوجی عدالتوں کی مخالفت صرف دباؤ ڈالنے کا طریقہ ہے،فیصل واوڈا نے کہا کہ ہمارے لہجہ کی کڑواہٹ ملک کیلئے ہے، اپوزیشن ڈیم بننے نہیں دے رہی ہزاروں سوال کریں مگر ڈیم نہ روکیں، بطور وفاقی وزیر کالا باغ ڈیم کی بھی اسٹڈی کررہا ہوں۔ فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ حکومت ایک نشست کی اکثریت سے بھی کھڑی ہوتی تو کوئی نہیں گرا سکتا تھا، عوام کے مسائل حل ہوگئے تو پی پی ن لیگ کی سیاست ختم ہوجائے گی، ان کی سیاست کا دارومدار پاکستان کے اندھیروں میں رہنے پر ہے۔ وفاقی وزیر آبی وسائل کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کی دو فہرستیں ہیں، چینی قونصل خانے پر حملہ کرنے والے بھی لاپتہ افراد تھے جو دہشتگرد نکلے، دوسری فہرست جینوئن لاپتہ افراد کی ہے جس پر ہمیں تحفظات ہیں، کراچی میں لاپتہ افراد کی تعداد بہت زیادہ نہیں ہے، ان لاپتہ افراد میں 2800آدمی ایک خاص جماعت کے بتائے جاتے ہیں جو ٹیررسٹ اسکواڈ کے تھے جن کی اکثریت موجود ہے۔فیصل واوڈا نے کہا کہ عدلیہ کا احترام کرتے ہیں محاذ آرائی کا سوچ بھی نہیں سکتے، ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے تحریری فیصلے کاانتظار تھا، کابینہ نام نکالنے یا نظرثانی کی اپیل میں جانے کا فیصلہ کرسکتی ہے، آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا تو شرائط ہلکی اور رقم بہت کم ہوگی، پاکستان کے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے بلیک لسٹ میں جانے کا معاملہ رُک گیا ہے۔
تازہ ترین