• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: غفار ذکری گروپ کے 2 ملزمان سمیت 5 گرفتار

کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے کے دوران 5ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، لیاری اور محمود آباد کے علاقوں میں بھی پولیس نے دو مختلف مقابلوں میں 4 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

لیاری میں گینگ وارغفار ذکری گروپ کے گرفتار ملزمان سے کلاشنکوف برآمدکی گئی۔

بہادر آباد پولیس نے گھروں میں ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والے گروہ کے کارندے کو مقابلے کے بعد گرفتار کرلیا ۔

لیاری سلاٹر ہاؤس کے قریب بھی شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے غفار ذکری گروپ سے تعلق رکھنے والے ملزمان اور پولیس کے درمیان مقابلہ ہوا، پولیس نے 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

ملزمان کی شناخت دانش اور آفتاب کے نام سے ہوئی ہے،جن کے قبضے سے موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کر دیا گیا۔

بہادر آباد کے علاقے میں پولیس نے کار سوار افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم ملزمان نے فائرنگ کر دی دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد پولیس نے ایک ملزم کو گرفتارکرلیا جس کی شناخت عطاء اللہ کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق ملزمان ایک گھر میں ڈکیتی کی کوشش کر رہے تھے ملزمان کے گروہ کی سرغنہ خاتون ہے۔

محمود آباد پولیس نے شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے دو اسٹریٹ کرمنلز کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

ایس پی جمشید کے مطابق ملزمان شہری سے لوٹ مار کرنے کی کوشش کر رہے تھے، گشت پر مامور پولیس پارٹی نے پہنچ کر مقابلے کے بعد ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

ناظم آباد میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص زخمی ہو گیا جس کی شناخت بلال کے نام سے ہوئی، پولیس کے مطابق زخمی شخص کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین