• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورنگی کراچی میں رینجرز کارروائی، قتل کے 2ملزمان گرفتار

پاکستان رینجرز سندھ نے کورنگی کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی میں مزاحمت پر قتل کرنے والے دو مبینہ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ میں گزشتہ ماہ 21 اور 22 دسمبر 2018ء کی درمیانی شب دوران ڈکیتی مزاحمت پر قاسم نامی شخص گولی لگنے سے جاں بحق جبکہ عمر نامی نوجوان زخمی ہو گیا تھا۔

پاکستان رینجرز سندھ نے واقعے کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے قتل کے محرکات کا جائزہ لیتے ہو ئے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کورنگی کے علاقے کے ایریا مارکیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ قتل میں ملوث ملزم شیخ محمد حنیف عرف ڈاڈا بھائی کو گرفتار کر لیا۔

ملزم کی نشاندہی پر اُس کے دوسرے ساتھی ملزم شہروز کو بھی کورنگی کے علاقے ڈھائی نمبر بھائی جان چوک سے گرفتار کر لیا گیا۔

ابتدائی تفتیش کے دوران دونوں ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے 3نوجوانوں سے لوٹنے کی غرض سے پیسے مانگے اور ان کے انکار کرنے پر ملزمان نے قاسم اور عمر پر گولی چلا دی جس کے نتیجے میں قاسم جاں بحق جبکہ عمر زخمی ہو گیا۔

رینجرز نے دونوں ملزمان کو ڈکیتی کے دوران استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اور چھینے گئے موبائل فونز سمیت قانونی چارہ جوئی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

رینجرز حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں قریبی چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03162369996 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے فوری اطلاع دیں، اطلاع دینے والے شخص کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

تازہ ترین