• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا آپ صبح جاگتے ہی اپنا موبائل فون چیک کرتے ہیں؟ کام ختم کرنے کے بعد بھی لیپ ٹاپ سےچپکے رہتے ہیں؟ سفر کےدوران بھی آئی پیڈ کو ساتھ رکھتے ہیں؟اگر ایسا ہے تو آپ کو ڈیجیٹل ڈی ٹوکس کی سخت ضرورت ہے۔

سب سے پہلے یہ جانتے ہیںکہ ڈی ٹوکس کہتے کسے ہیں؟

ڈی ٹوکسیکیشن اس پروسیس کو کہا جاتا ہے، جس کے ذریعے جسم کے زہریلے مواد کو باہر نکالا جاتاہے یا اس سے چھٹکارا پایا جاتاہے اور اس پروسیس کی وجہ سے جسم صحت مند ہوجاتاہے۔

اب واپس آتے ہیں گیجٹس کی طرف! ہوسکتاہے کہ آپ کے گیجٹ کی بیٹری ختم نہ ہوئی ہو اور وہ تھکا نہ ہولیکن اسے استعمال کرتے ہوئے آپ کی گردن میںاکڑن پیدا ہوگئی ہو، ہاتھ سن ہوگئے ہوں یا پھر سردرد کا آغاز ہو چکا ہو اور آپ کو مجبوراً وقفہ لینے کی ضرورت پڑگئی ہو۔

اگر آپ اپنے گیجٹ کو بند کردیں یا اسے سائیڈ پر رکھ کر باہر نکل جائیں تو آپ کو زندگی کا اصل لطف مل سکتاہے، جو کہ ممکنہ طور پر یہ گیجٹس آپ سے چھین رہے ہیں۔ ہوسکتاہے شروع شروع میں گیجٹس سےدوری آپ کے دل و دماغ پر بھاری گزرے لیکن لوگوں سے ملنا جلنا اور ان سے بات کرنا آپ کے دل ودماغ حتٰی کہ روح کو بھی تازہ دم کرسکتاہے اور آپ کی طبیعت پر اچھا اثر ڈال سکتاہے ۔

بنا گیجٹس کے زندگی گزارنا ایساہی ہے، جیسے آپ نئی زندگی کی شروعات کررہے ہوں۔ بالکل ایسے ہی جیسے کوئی بچہ پہلی بارچلنا سیکھتا ہے کیونکہ یہ گیجٹس ہماری زندگی میں ایسے رچ بس گئے ہیںکہ لگتا ہے کہ ان کے بغیر جینا محال ہے۔ اگر آپ کے ساتھ بھی ایسا ہی معاملہ ہےتو چند مشورے حاضرخدمت ہیں:

کورس اور سیمینار

آپ کو ڈیجیٹل چیزوں کی عادت ہے یا ان کی صحبت میں رہنا پسند ہے تو پھر آ پ کو ایسے کورسز یا سیمینارز میں شرکت کرنے کی ضرورت ہے، جوڈیجیٹل ڈی ٹوکس کے بارے میں بات کرتے ہیں، یہاں تک کہ وہ ٹریٹمنٹ پروگرامز بھی آفر کرتے ہیں۔ ہو سکتاہے کہ آپ کو اس کی فیس گراں گزرے لیکن اس کا فائدہ آپ کو بہت ہوگا۔

اسکرین سے ہٹ کر تفریح

ضروری نہیں کہ آپ کرکٹ اور فٹبال کو اسکرین پر گیم کی صورت کھیل کر یا دیکھ کر تفریح حاصل کریں۔ گھر سے باہر نکلیں، اگرآپ کھیل نہیں سکتے تو دوسروں کو یہ کھیل کھیلتا ہوا دیکھیں، یقین مانیں کچھ دیر خاموش کھڑے ہوکر زندگی کی ہلچل دیکھنے سے بھی آپ خود کو بدلاہوا محسوس کریں گے۔ اگر آپ نے مراقبہ بھی کرنا ہےتو اسے بھی بغیر کسی ایپ کے کریں۔ ڈیجیٹل دنیا سے باہر نکل کر اصل دنیا میںگہری سانسیںلیں، یقین جانیں آپ کو اچھا محسو س ہوگا۔

رات میں اسکرین سے دور رہیں

رات کو موبائل کی اسکرین آف کرکے آسمان پر چمکتے ستاروں کا مشاہدہ کریں، آپ کی آنکھیں آ پ کا شکریہ ادا کریں گی۔ گھر سے باہر چہل قدمی آپ کے جسم کے ساتھ ساتھ دماغ کو بھی سکون دے گی۔ کوئی اچھی سی کتاب بھی آپ کے دماغ کو روشن کرسکتی ہے۔ گیجٹس ہماری معیاری نیند اور موڈ کی خرابی کا باعث بن رہے ہیں اور یہ سبھی جانتے ہیں کہ نیند پوری نہ ہونے کے باعث صحت کے مسائل پید اہونے لگتے ہیں۔ اس کاحل یہی ہے کہ اپنے کمرے میں مکمل اندھیرا کریں، الیکٹرونکس اشیابند کریں اور بھرپور نیند لیں۔

پرانے دوستوں سے ملاقات

ذہن کےساتھ ساتھ آپ کی آنکھوں، کلائیوں اور انگلیوں کو بھی آرام کی ضرورت ہوتی ہے۔ نیلے رنگ کی روشنی کو اپنے آپ سے دور کرکے حقیقی معنوں میں اپنے پرانے دوستوں سے ملنے چلے جائیں اور خوب گپ شپ کریں۔ آپ کا قلم اور کاغذ بھی آپ کے پرانے دوستوںمیں سے ہوتے ہیں۔ کاغذلیں اور اس پر کچھ بھی لکھنا شروع کردیں۔ کوئی شعر ، کوئی بات یا کوئی یاد اس کاغذ پر لکھیں اور پھر اسے پڑھیں۔ اس کے علاوہ اسکیچ بنانے کی کوشش کریں، جو چیز سامنے ہو اسے ماڈل بنا کر اسے کاغذ پر نقل کرنے کی کوشش کریں۔

ڈیجیٹل رابطے کم کریں

فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام اور سوشل میڈیا کی دیگر اقسام شیطان کی آنت کی طرح ہیں، آپ اسکرولنگ کرتے چلے جائیں یہ کبھی ختم نہیںہوتیں۔ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ایک بڑی کمیونٹی کا حصہ ہیں لیکن ایسا نہیں ہے، بڑی کمیونٹی میںاِدھر اُدھر وقت گزارنے سے ذہن زیادہ بھٹکتا ہےاور بھٹکتے ہوئے جب آپ تھک جاتے ہیں تو اپنے سرمیںدرد محسوس کر رہے ہوتے ہیں۔ اس لئے اس ڈیجیٹل زندگی کا دورانیہ کم کریں اور اصل زندگی سے رابطہ جوڑیں۔ ہر وقت اس دنیا میں رہنے سے بہتر ہے کہ دوا کی طرح صبح، دوپہر اور شام اسے چیک کرلیں تو کافی افاقہ ہوگا۔

گھڑی پہنیں

ایک سادہ سی گھڑی بھی آپ کو موبائل سے دور رکھ سکتی ہے۔ اکثر ہم ٹائم دیکھنے کیلئے موبائل نکالتے ہیں اور پھر اس میں ایسے گم ہوجاتے ہیں کہ ٹائم کا پتہ ہی نہیں چلتا۔ 

تازہ ترین