• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تفہیم المسائل

وقتِ زوال کتنی دیر رہتا ہے ؟

سوال: نصف النّہار کا وقت جس میں کوئی بھی نماز پڑھنا مکروہِ تحریمی ہے ،اس کی مقدار کتنی ہے اور اُس کا اندازہ کیسے لگایاجائے گا؟ (محمد احمد رضا ، کراچی)

جواب: زوال دَر حقیقت سورج ڈھلنے کا نام ہے اور یہ وہ وقت ہے کہ جب ممانعت کا وقت نکل گیا اور جواز کا آیا۔علامہ ابن عابدین شامی لکھتے ہیں :ترجمہ:’’’’شرح نقایہ‘‘ میں برجندی سے منقول ہے:’’فقہائے کرام کی عبارات میں ہے کہ مکروہ وقت نصف النہار سے لے کر سورج کے زوال تک ہے اور یہ امرمخفی نہیں ہے کہ سورج کا زوال نصف النہار کے متصل بعد ہوتاہے (اوراگر مراد عرفی دن کا نصف ہوتو)وقت کی اتنی قلیل مقدار میں کوئی نماز اداکرنا ممکن نہیں ،شاید اس سے مراد یہ ہوکہ اگر اُس وقت میں نمازکاکوئی جزء آجائے،توپھر یہ نماز جائز نہیں ہے یا پھر دن سے مراد نصفُ النہار شرعی ہے جوکہ صبح صادق سے سورج غروب ہونے تک (کے کل وقت کا نصف)ہے ،تو اِس صورت میں نصفُ النّہار زَوَال سے اتنا وقت پہلے آئے گا ،جوقابلِ اعتبار ہو۔ اسماعیل ،نوح ،حموی۔ اور’’قنیہ‘‘ میں ہے :زوال کے قریب مکروہ وقت کی مقدار میں اختلاف ہے ۔بعض علماء نے فرمایا:’’نصف النہار سے زوال تک ہے، کیونکہ ابوسعید رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے نصفُ النَّہار سے زَوَال تک نماز پڑھنے سے منع فرمایاہے‘‘ ۔رکن الدین الصباغی نے کہا:’’ یہ کتنا اچھا استدلال ہے کیونکہ ایسے وقت میں نمازسے منع کیاگیاہے ،جس کی مقدار میں نماز کی ادائیگی کا تصور کیاجاسکتاہے ‘‘۔ ’’قہستانی‘‘ میں اس قول کو ’’مَاوَرَاء ُالنہر‘‘کے ائمہ کی طرف منسوب کیاہے کہ اس سے مراد نصف النہارعرفی ہے ۔اورنصفُ النَّہارشرعی مراد لینے کے قول کو اَئِمَّۂ خوارزم سے منسوب کیاہے اور اُس سے مراد ہے ضحوۂ کُبریٰ سے زَوَال تک کا وقت،(ردالمحتار علی الدرالمختار،جلد2،ص:29)‘‘۔

فتویٰ اَئِمۂ خوارزم کے قول پر ہی ہے کہ زوال کا وقت نصف النہار شرعی یعنی ضحوۂ کبری سے زوال تک ہے ۔نصفُ النَّہار شرعی سے مراد یہ ہے کہ طلوعِ صُبحِ صادق سے غروبِ آفتاب تک وقت کی جو کل مقدار بنتی ہے ،اُس کا نصف نکال کر اُسے صُبح صادق کے وقت میں جمع کیاجائے ،جو جواب آئے گا ،وہ نصفُ النَّہار شرعی یا ضحوۂ کُبریٰ کہلائے گا اور نصفُ النَّہار شرعی سے زوال تک کے وقت میں نماز کا اداکرنا مکروہ تحریمی ہے ۔اس وقت کی مقدار موسمِ سرما اور موسمِ گرما میں بدلتی رہتی ہے ۔ پاکستان میں سال کے مختلف ایام میںاندازاً یہ وقت تقریباً 35تا45منٹ بنتا ہے۔

تازہ ترین