• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی مقامی سیاست میں حصہ لے،رومان احمد وزیر

گلاسگو (نمائندہ جنگ) سکاٹ لینڈ میں قونصل جنرل آف پاکستان رومان احمد وزیر نے پی پی سی سکاٹ لینڈ کی ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں۔ میڈیا کسی بھی معاشرے کی ترقی میں ایک بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ قائداعظم نے قیام پاکستان کے وقت فرمایا تھا کہ صحافت اور قوموں کا عروج زوال ایک ساتھ ہوتا ہے۔ صحافی کو ایماندار، تجربہ کار، سچا اور احساس ذمہ داری کا حامل ہونا چاہیے کیونکہ وہ معاشرے کی رائے سازی میں اہم کردار ادا کرتا اور ہمت کا تعین کرتا ہے۔ رومان احمد وزیر نے بیرو ملک مقیم پاکستانیوں کو پریس کلب کے ذریعے یہ پیغام دیا کہ آپ جس ملک میں بھی آباد ہو، اس کی معیشت و معاشرت اور زندگی کے ہر شعبے کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ لوگوں کے دل اپنے حسن اخلاق سے جیتیں۔ مقامی سیاست میں بھرپور حصہ لیں اور تمام منتخب ایوانوں میں شامل ہوکر اپنا کردار ادا کریں۔ اس طریقے سے آپ اپنے رہائشی ملک اور آبائی ملک دونوں کی بہتر خدمت کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ انتہائی خوشی ہوتی ہے کہ پاکستانی کمیونٹی کے افراد سکاٹ لینڈ اور برطانوی معاشرے کے ہر شعبے میڈیکل، قانون، انجینئرنگ اور آئی ٹی میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں اور سیاست میں بھی کونسلرز، ممبران پارلیمنٹ اور وزیر بن کر نمایاں کردار ادا کررہے ہیں۔ پرانی نسل نے اپنی شب و روز محنت سے یہاں کاروبار میں ایک اہم مقام حاصل کیا ہے لیکن بعض اوقات ہم اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر صحیح توجہ نہیں دے سکے۔ بچے ہماری سب سے پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔ رومان احمد وزیر نے بیرون ملک مقیم تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں جس سے نہ صرف پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ ان کو بہترین منافع بھی ملے گا۔ ایک سوال کے جواب میں نادرا کارڈز کے متعلق انہوں بتایا کہ آن لائن تیار کیے کارڈ پر آپ پاکستان سفر تو کرسکتے ہیں لیکن وہاں جائیداد کی خریدو فروخت میں یہ کارآمد نہ ہوگا کیونکہ اس میں انگلیوں کے نشانات پوری طرح واضح نہیں ہوتے۔ اس لیے بہتر یہی ہے کہ آپ بریڈ فورڈ، برمنگھم، مانچسٹر یا لندن میں پاکستانی سفارت خانے یا قونصلیٹ جاکر کارڈ بنوائیں جن کا براہ راست لنک پاکستان میں نادرا کے کمپیوٹرز کے ساتھ ہے۔ پاکستان پریس کلب سکاٹ لینڈ کے صدر طاہر انعام شیخ نےقونصلیٹ سے براہ راست لنک والے کارڈ کا سسٹم ختم کیے جانے پر قونصل جنرل کی توجہ دلائی جب کہ میجر ماجد حسین، راحت زاہد، عاطف امتیاز، مصطفی علی بیگ، رانا فیاض علی، راجہ عابد آف ایڈنبرا، شبانہ ناز، عاطف احمد، شاہد احمد، مہک عامر چوہدری، جاوید اللہ، چوہدری طارق آصف اور غلام نبی نے پی آئی اے کی سکاٹ لینڈ سے پروازوں، پاکستان نژاد بچوں کو آبائی وطن پاکستان کے لیے سپیشل ٹورز اور دیگر مسائل پر بات چیت کی، تقریب کا اہتمام پریس کلب کی سینئر ممبر راحت زاہد کی ایک خطرناک بیماری سے مکمل صحت یابی کی خوشی میں کیا گیا تھا۔
تازہ ترین