• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سپر لیگ سیزن 4کا ترانہ آج ریلیز ہوگا

کراچی (محمد ناصر) پاکستان سپر لیگ 2019ءکے چوتھے ایڈیشن کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں۔ وطن عزیز میں سب سے زیادہ پسند کی جانے والی کرکٹ لیگ کا آغاز 14 فروری سے ہوگاجس میں کُل 34 میچز کھیلے جائیں گے اِن میں سے 8 میچ پاکستان میں ہوں گے اور دیگر میچز کی میزبانی دبئی، شارجہ اور ابوظہبی کے گراونڈز کریں گے۔ پاکستان کا سب سے پہلا نجی اسپورٹس چینل ”جیوسوپر“ لیگ کے تمام میچ براہ راست نشر کرے گا۔ شائقین کرکٹ سب سے زیادہ دیکھی جانے والی اِس لیگ کے ترانے کا ہمیشہ ہی بہت بے چینی سے انتظار کرتے ہیں لیکن اب اُن کا انتظار ختم ہونے میں صرف چند گھنٹے رہ گئے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا جنون سے بھر پور ترانہ ”کھیل دیوانوں کا“ جمعہ کی شب8 بجکر55 منٹ پر آن ایئر کردیا جائے گا ۔ پی ایس ایل ترانے کے کمپوزر اور پروڈیوسر شجاع حیدر اور ویڈیو ڈائریکٹر شعیب اختر ہیں۔ اِن کا کہنا ہے کہ ہم نے اس گیت میں ایک جنون کو سامنے لانے کی کوشش کی ہے تاہم یہ راز ابھی تک راز ہی ہے کہ اِس برس ترانے کو آواز دینے والا گلوکار کون ہے؟۔ لیگ کے شاندار گیت کا ٹیزر سوشل میڈیا پر پہلے ہی ریلیز کیا جا چکا ہے جس نے سپر لیگ کے دیوانوں کا تجسس آسمان کی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے ۔ انتظار کی یہ گھڑیاں بے چینی بڑھانے لگی ہیں ۔ پی ایس ایل کے مداح اِس گیت کو سننے کیلئے کس قدر تڑپ رہے ہیں اِس کا اظہار بھی اُنہوں نے سوشل میڈیا پر کرنا شروع کردیا ہے۔ واضح رہے پاکستان سپر لیگ میں اِس بار کرکٹ کی دُنیا پر راج کرنے والے انتہائی چمکتے دمکتے ستارے اپنے جلوے بکھیرتے نظر آئیں گے۔ جس میں سب سے بڑا نام اے بی ڈویلیئرز کا ہے جو عوام کے دِل جیتنے پاکستان آرہے ہیں۔ اِس کے علاوہ کئی انٹرنیشنل کھلاڑی بھی اس لیگ کا حصہ بن رہے ہیں جن کا کھیل اپنے وطن کے میدانوں پر دیکھنے کیلئے شائقین کی نظریں ترس رہی تھیں۔ کراچی اور لاہور کی عوام کیلئے سب سے بڑی خوشخبری یہ ہے کہ اس ایڈیشن میں 1-2 نہیں بلکہ 8 میچ پاکستان میں کھیلے جائیں گے اور لیگ انتظامیہ نے کرکٹ کے سب سے بڑے میلے کو سجانے کیلئے کراچی اور لاہور جیسے دو بڑے شہروں کا انتخاب بھی کرلیا ہے۔ لاہور میں 3 جبکہ کراچی میں فائنل سمیت کُل 5 میچ کھیلے جائیں گے۔ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کیلئے میچز کے ٹکٹس کی آن لائن فروخت بھی شروع ہوگئی۔

تازہ ترین