• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالتی اصلاحات، پارلیمنٹ جسٹس کھوسہ کو سپورٹ کریگی، فواد چوہدری

کراچی (ٹی وی رپورٹ)حکمراں جماعت تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی نے سپریم کورٹ کے فیصلوں کیخلاف نظرثانی اپیلیں دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ عدالتی اصلاحات کیلئے پارلیمنٹ جسٹس کھوسہ کو سپورٹ کرے گی اگر اس دور میں بھی نہیں ہوئیں تو پھر نہیں ہوں گی،عدالتی اصلاحات کیلئے پارلیمنٹ جسٹس کھوسہ کو سپورٹ کرے گی، پاکستان کا اصل مسئلہ قانون پر عملدرآمد کا ہے پی ٹی آئی نے بھی مک مکا کرلیا تو اس کی سیاست بیٹھ جائے گی ،صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ جسٹس کھوسہ نے ٹودی پوائنٹ بات کی سندھ حکومت مضبوط وفاقی حکومت لڑکھڑا رہی ہے،ملک کی بہتری کیلئے ساتھ دینے کے لئے تیار ہیں،پیپلز پارٹی شیخ زائد اسپتال کا انتظام وفاقی حکومت کے حوالے کرنے اور اٹھارہویں ترمیم سے متعلق سندھ حکومت کی درخواست مسترد کرنے کے فیصلے کیخلاف نظرثانی اپیل دائر کرے گی۔پروگرام میں ن لیگ کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا بھی شریک تھے۔محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ فواد چوہدری خود کو نیب سے لاتعلق کریں، پی ٹی آئی کی کارکردگی پر بات کریں تو حکومت گرانے سندھ چلے جاتے ہیں،جسٹس کھوسہ کی فوجی عدالتوں سے متعلق بات اصولی طور پر بالکل درست ہے۔وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بھی مک مکا کرلیا تو اس کی سیاست بیٹھ جائے گی، آصف زرداری اور شہباز شریف نے اسمبلی میں نیب کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ، آصف زرداری اور شہباز شریف کی طرح مجھے بھی بیانات دینے کا حق حاصل ہے، کیا نیب کا اسٹرکچر اتنا کمزور ہے کہ میرے بیانات سے ان کی تفتیش تبدیل ہوجائے گی، نیب خودمختارا دارہ ہے اس کیلئے مجھ میں، آصف زرداری اور شہباز شریف میں کوئی فرق نہیں ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کابینہ نے فی الحال بلاول اور مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ کیا ہے،وزیر قانون کی ذمہ داری لگادی گئی ہے کہ وہ مناسب سمجھیں تو نظرثانی اپیل میں جائیں، پی ٹی آئی کا بحیثیت پارٹی ن لیگ اور پی پی سے کوئی ایشو نہیں ہے۔
تازہ ترین