• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائیکورٹ،نیلام شدہ اراضی کا قبضہ نہ ملنے پر ڈپٹی کمشنر لودھراں کی طلبی

ملتان (سٹاف رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے پٹیشنر کو سرکاری نیلام شدہ اراضی کا قبضہ نہ ملنے پر ڈپٹی کمشنر لودھراں کو عدالت طلب کرلیا ہے، فاضل عدالت میں لودھراں کے محمد ا شرف نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ کمشنر ملتان کی ہونیوالی نیلامی میں حصہ لے کر ایک ایکڑ شہر کی اراضی 3کروڑ روپے میں خریدی اور یکم مارچ 2011 کو 3کروڑ روپے سے زائد واجبات بھی جمع کروا دیئے لیکن اراضی کا قبضہ آج تک نہ مل سکا ہے، فاضل عدالت نے رحیم یار خان میں بے نظیر بھٹو شہید پل کی تعمیر میں کرپشن کے مقدمہ میں 2 ملزموں کی عبوری ضمانت کی درخواست پر نیب حکام سے 30جنوری کو ریکارڈ طلب کرلیا ہے، عدالت میں محمد معصوم علی اور غلام حسین نے موقف اختیار کیا تھا کہ پل کی تعمیر میں کروڑوں کے گھپلے کا الزام لگاتے ہوئے انکے خلاف نیب نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور اب انہیں گرفتار کرنے کے درپے ہے جبکہ وہ بے قصور ہیں، ہائیکورٹ نے پٹشنر کیخلاف حقیقی بھائی کی جانب سے بددیانتی کا مقدمہ درج کروانے پر تفتیشی پولیس آفیسر کو ریکارڈ سمیت 21 جنوری کو عدالت طلب کرلیا ہے، فاضل عدالت میں گورنمنٹ گرلز کالج مظفر گڑھ میں پرنسپل تعینات خدیجہ ریاض نے موقف اختیار کیا تھا کہ ان کے خاندان کی مشترکہ زرعی اراضی خان گڑھ میں واقع ہے جہاں پر آم کے باغات سے سالانہ لگ بھگ 35لاکھ روپے کی آمدنی ہوتی ہے،بھائی 10سال تک قتل کیس میں مفرور رہا اور اس کو رقم بھجواتے رہے لیکن اب اس نے پولیس تھانہ خان گڑھ میں 14دسمبر کو مالی خوردبرد کا مقدمہ درج کرادیا ہے۔
تازہ ترین