• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کا اجلاس یوتھ گیمز کےلئے بولی دینے کا فیصلہ

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن نے سپورٹس بورڈ خیبر پختونخوا کی مشاورت سے مجوزہ یوتھ گیمز کے لئے بولی دینے، سابق فاٹا اولمپک ایسوسی ایشن کوخیبر پختونخوا اولمپک میں ضم کرنے کے لئے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی قانونی دستاویز کے مطابق طریقہ کار اختیار کرنے اور پی او اے کے آئین میں ترامیم کو خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے آئین میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ایسوسی ایشن کا اجلاس صدر اور سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں کوئٹہ نیشنل گیمز، صوبائی ایسوسی ایشنوں اور دیگر معاملات پر بحث کی گئی۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سید عاقل شاہ نے کہا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن قانونی دستاویز تیار کر رہی ہے جس کے مطابق سابق فاٹا اولمپک کو خیبر پختونخوا اولمپک میں ضم کرنے کا طریقہ اختیار کریں گے یہ عمل بتدریج مکمل کیا جائے گا جس کے لئے پی او اے کی ہدایات کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی یوتھ گیمز کے لئے سپورٹس بورڈ کی مشاورت سے بولی دیں گے خواہش ہے کہ یہ گیمز خیبر پختونخوا میں منعقد ہوں کیونکہ اسلام آباد کے بعد پشاور میں کھیلوں کی سب سے زیادہ سہولیات دستیاب ہیں۔ صرف عالمی معیار کے مطابق آلات کی ضرورت ہے، خیبر پختونخوا نیشنل گیمز کوئٹہ میں بھرپور طریقے سے حصہ لے گا ضم قبائلی اضلاع کے کھلاڑیوں کی شمولیت سے خیبر پختونخوا کا دستہ مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اولمپک گیمز صوبائی ایسوسی ایشنوں کو دو کی بجائے تین ووٹوں کا حق دے دیا گیا جن میں ایک خاتون ووٹر ہوگی، صوبائی کھیلوں کی ایسوسی ایشنوںکو آئین وقت کے تقاضوں کے مطابق دوبارہ بنانے، ایک سالہ ایونٹس کا پلان اولمپک کو پیش کرنے اور ٹیلنٹ ہنٹ شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے پہلی ٹیلنٹ ہنٹ چیمپئن شپ آرچری میں کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس بورڈ صرف انڈر 14 ٹیلنٹ ہنٹ گیمز کراسکتا ہے دیگر ایج گروپ گیمز کا انعقاد سپورٹس بورڈ کا مینڈیٹ نہیں ہے سپورٹس بورڈ صرف سہولیات دے سکتا ہے، سپورٹس بورڈ پسند نا پسند کی بجائے مقررہ ٹی او آرز کے مطابق ایسوسی ایشنوں کو گرانٹ دے،اجلاس میں باسکٹ بال، والی بال، کبڈی سمیت کئی دیگر ایسوسی ایشنوں کی نئی کابینہ کی منظوری دی گئی جبکہ ٹیبل ٹینس کے انتخابات کے لئے الیکٹورل رول بناکر اپریل میں جبکہ باڈی بلڈنگ اور رگبی کو جلد از جلد انتخابات کرانے کی ہدایت کی گئی۔
تازہ ترین