• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مختلف تحقیقات اس عام خیال کی نفی کرتی ہیں کہ تخلیقی سرگرمیاں فطری ہوتی ہیں، اس کے برعکس تحقیقاتی ماہرین اس بات پر اتفاق کرتے ہیںکہ تخلیقی قوت کسی بھی انسان میں پیدا کی جاسکتی ہے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے بچے کی سوچ تخلیقی ہو تو اس ضمن میں بچپن سے اس کی تربیت ایک خاص سمت میں کریں۔ ان میں ایسی عادتو ں اور مشغلوں کو پروان چڑھائیں، جن کے ذریعے تخلیق کو اُبھارا جاسکتا ہے۔ کرافٹنگ (دستکاری) ایک ایسی ہی سرگرمی ہے، جو بچوں میں تخلیقی صلاحیتوں کوپروان چڑھاتی ہے۔ چونکہ موسم سرماکی چھٹیاں نزدیک ہیں لہٰذا ان چھٹیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بچوں کو وہ کرافٹنگ کروائیں جو آسان بھی ہوں اور جلد بن جائیں تاکہ ان میں سوچنے کی صلاحیت بیدار ہوسکے اور وہ نئی چیزوں، نئے راستوں اور نئی باتوںسے متعلق کام کرسکیں۔ اس ضمن میں والدین کی رہنمائی کے لیے کرافٹنگ کے کچھ آئیڈیاز ذیل میں بتائے جارہےہیں۔

مِنی کرافٹ بلون

کیا آپ کے کسی بچے کی سالگرہ اسی ماہ ہے؟ اگر ایسا ہےتو سالگرہ کی شان بڑھانے والے رنگ برنگے غباروں کو بچوں سے ہی کچھ تخلیقی انداز دلوائیں۔ منی کرافٹ بلون بنانے کے لیےگلوسی پیپر ورک سے غباروں کو دلکش اور دلچسپ آرٹ سے سجائیں۔ بچوں کو گلوسی پیپر کی مدد سے آنکھیں اور ہونٹ بنانا سیکھائیں اور پھر انھیں غباروں پر چسپاں کروائیں۔ غباروں کے لیے تھوڑی چوڑی ربن کا استعمال کرتے ہوئے 4سے 5ربن نیچے لٹکادیں، اس طرح تھوڑی ہی دیر میں آپ کا منی کرافٹ بلون تیار ہوجائے گا۔ کمروںمیں جابجا چھت کو چھوتے یہ رنگ برنگے غبارے نہ صرف سالگرہ کی شان بڑھائیں گے بلکہ بچوں کی تخلیقی سرگرمیوں میں بھی اضافہ کریں گے۔

کارڈ بورڈپر ڈرائنگ

ڈرائنگ اورپینٹنگ بچوں کے لیے ایک بہترین سرگرمی ہے۔ جس کے ذریعے نہ صرف بچوں کی ذہنی بلکہ جسمانی تربیت بھی ہوتی ہے۔ ابتدائی کلاسوں میںہی بچوں کوڈرائنگ اور پینٹنگ کی تربیت دی جاتی ہے، جس کے باعث بچے(خاص طور پر لڑکیاں) گھر ہو یا کلاس روم ہر جگہ رنگ بھرتےیا ڈرائنگ کرتے نظر آتے ہیں۔ آپ بھی موسم سرما کی چھٹیوں میں بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنےکے لیے انھیں کاغذ کے بجائے کارڈ بورڈ پر ڈرائنگ کرنے کا طریقہ سکھائیں۔ بچوں سے کارڈ بورڈ پر ان کا پسندیدہ کارٹون کریکٹر ڈیزائن کروائیں یا پھر ایسی چیزیں جن سے انھیں دلی لگاؤ ہو مثلاً گاڑی، جہاز، گڑیا وغیرہ۔ ان کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے آپ گلیٹر اور ربن کا استعمال بھی سکھا سکتے ہیں۔

کاغذ کا پنکھا

موسم سرما کی چھٹیوں میں بچوں کو باغیچے کی سجاوٹ میں اپنے ساتھ شامل کریں۔ ان سے پوچھیں کہ باغیچے کی خوبصورتی کس طرح بڑھائی جاسکتی ہے۔ سوالات بچوں کی سوچنے کی صلاحیت بیدار کرتے ہیں اور رہی بات باغیچے کی دلکشی بڑھانےکی، تو اس کے لیے بچوں کے ساتھ مل کرکسی پرانے آئیڈیے پر بھی کام کیا جاسکتا ہے۔ مثال کے طور پر بچوں سے ان سردیوں میں کرافٹ پیپر سے پنکھا (پیپر پن وہیل) بنوائیں، جس کے لیے آپ کو چند رنگین کرافٹ پیپرز کی ضرورت ہوگی۔ پیپر کے چاروں کونوں کو پنکھے کی صورت جوڑ کر پینسل یا کسی چھوٹی سی اِسٹک اورپن کی مدد سے یکجا کرلیں۔ اس طرح کاغذ کا پنکھا تیار ہوجائے گا، جس پربچوں سےپینٹنگ بھی کروائی جاسکتی ہے۔

فوٹو فریم

بچوں کے کمرے میں لگایا جانے والا فوٹو فریم ان سے خود بنوائیں یا پھر کسی دوست کو دیے جانے والےبرتھ گفٹ کے لیے ان سے فوٹو فریم تخلیق کروائیں۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ ابتدائی 10سال کا دور ایسا ہوتا ہے، جس میں بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں اور تنقیدی سوچ کو پروان چڑھانے پر توجہ دی جانی چاہیے۔ کرافٹ کے ذریعے فوٹو فریم کی تیاری ایک بہترین مثال ہے، جسے بچے بآسانی تیار کرسکتے ہیں۔ اس فریم کی تیاری کے لیے آپ کو گتے کی شیٹ ،کرافٹنگ کلر فل پیپر اور ڈکلنگ ٹیپ کی ضرورت ہوگی۔ بچوں سے گتے کی شیٹ ایک ہی سائز میں دو جگہ سے کٹنگ کروائیں، ایک شیٹ پر جتنی بڑی تصویر آپ نے لگوانی ہو تو اتنا ہی سینٹی میٹر ایریا بچوں سے ڈرا کروائیں۔ اس حصے کو کٹنگ کروانے کے بعد شیٹ پر صفائی کےساتھ کرافٹ پیپر (اس انداز میں کہ کٹنگ کیا ہوا حصہ یونہی برقرار رہے) گلو کے ذریعے چسپاں کروائیں۔ اس حصے میں تصویر لگا کردونوں گتے کی شیٹوں کو ایک ساتھ گلو سے جوڑ لیںاور چاہیں تو پچھلے حصے میں کرافٹنگ پیپر لگوادیں۔۔ لیجیے کرافٹنگ پیپر سے بنا فوٹو فریم تیار ہے، اسے بچوں کے کمرے میں لگائیں تاکہ انھیں یہ احساس ہوکہ ان کی بنائی ہوئی چیزیں یادگار کے طور پر بھی کتنی اہم ہیں۔

سلائم ایگ

اگر آپ کے بچے بھی سلائم سے چیزیں بنانے کے شوقین ہیں تو موسم سرما کی چھٹیوں میں انھیں سلائم میکنگ کو کرافٹنگ ایگ کی صورت دینا سیکھائیں۔ سب سے پہلے بچوں سے رنگ برنگا اور گلیٹرکی ڈسٹ ڈال کر سلائم بنوائیں۔ سلائم میں بچوں کے چھوٹے چھوٹے کھلونے شامل کروائیں اور پھر انھیں پلاسٹک سے بنے انڈے میں بھردیں۔ اس طرح جب بچے اس انڈے کو کھولیں گے تو انھیں مزہ آئے گا۔

تازہ ترین