• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ، پنجاب میں مضر غذائی اشیاء بنانے والوں پر چھاپے

سندھ فوڈ اتھارٹی اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مضر صحت غذائی اشیاء بنانے والوں کے خلاف کاررائیاں جاری ہیں۔

کراچی میں سندھ فوڈ اتھارٹی نے نیو کراچی اور نارتھ کراچی میں مختلف فیکٹریوں پر چھاپے مار کر مضرصحت مایونیز، کیچپ، پاپڑ اور تلی ہوئی پیاز بنانے والی فیکٹریوں کو نوٹس دے دیئے۔

ترجمان سندھ فوڈ اتھارٹی کے مطابق ان فیکٹریز میں کیچپ کی تیاری میں ٹماٹر کی جگہ فلیورز کا استعمال کیا جا رہا تھا، جبکہ مایونیز بھی گندی اور غیر معیاری چیزوں سے بنائی جارہی تھی۔

فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ مضافاتی علاقوں میں قائم ان فیکٹریوں میں لال بیگ اور مکھیوں کی بھر مار تھی، جبکہ ان فیکٹریوں کے پاس کوئی لائسنس بھی نہیں تھا۔

ترجمان سندھ فوڈ اتھارٹی نے یہ بھی بتایا ہے کہ اتھارٹی کی جانب سے 3 فیکٹریوں کو سیل کر دیا گیا، جبکہ 4 فیکٹریوںپر جرمانہ عائد کر کے انہیں 2 ہفتوں کی مہلت دے دی گئی ہے۔

ادھر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں بھی جاری ہیں جن کے دوران صوبے بھر میں 280 کھویا پروڈکشن یونٹس کا تفصیلی معائنہ کیا گیا اور ناقص انتظامات پر 16 یونٹس سیل جبکہ 44 پروڈکشن یونٹس کو جرمانے کیے گئے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان پروڈکشن یونٹس میں کھوئے میں خشک پاؤڈر کے ساتھ بناسپتی گھی کی ملاوٹ بھی کی جا رہی تھی، حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر 178 یونٹس کو نوٹسز جاری کیے گئے۔

تازہ ترین