• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’عمران خان سندھ کے شہری علاقوں کو اُن کا حق دیں‘‘

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنے وعدوں کو پورا کر کے سندھ کے شہری علاقوں کو اُن کا حق دیں، ایم کیو ایم آج بھی صوبائی خودمختاری کے حق میں ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے حیدرآباد کے لیاقت کالونی گرائونڈ میں میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج بھی ایم کیو ایم نہ ہو تو کوئی حکومت نہ بن پائے، پہلے بھی کہا تھا کہ گنو گے نہیں تو تولنا پڑے گا، کل 24 تھے اور آج 7 ہیں تو بھی حکومت کو ایم کیو ایم کی ضرورت پڑی۔

خالد مقبول صدیقی نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے وعدے کے تحت شہری علاقوں کا ان حق دیں، انہوں نے کہا کہ صوبوں کی خودمختاری سے زیادہ اہم عوام کو بااختیار بنانا ہے، ہم چاہتے ہیں سندھ کے شہری علاقوں کو اُن کے اختیارات دیے جائیں۔

ڈاکٹر خالد مقبول نے کہا کہ آج بھی ایم کیو ایم حکومت کی سب سے بڑی اتحادی ہے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہارالحسن کا کہنا تھا کہ بڑی پارٹیاں ہر 15 دن بعد اپنے ہونے کا احساس دلا رہی ہیں،جو مصائب ایم کیو ایم پاکستان پر آئے، کوئی اور جماعت ہوتی تو اس کا پرچم اٹھانے والا بھی کوئی نہ ہوتا۔

فیصل سبزواری نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ سندھ میں گیارہ سال سے بدعنوان نااہل متعصب حکومت ہے، جبکہ ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل نے کہا کہ مخالفین خوش فہمی میں مبتلا ہوگئے تھے کہ ایم کیو ایم ختم ہو گئی ، حق پرست عوام نے مخالفین کی خوش فہمی ایک دن میں دور کردی۔

جلسے سے میئر حیدرآباد سہیل مشہدی، رکن سندھ اسمبلی رعنا انصار اور رکن قومی اسمبلی صلاح الدین سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

تازہ ترین