• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقدس ہستیوں کا احترام یقینی بنانےکیلئے آن لائن پٹیشن لانچ کی جائے گی، ورلڈ مسلم فیڈریشن

برمنگھم (نمائندہ جنگ) پیغمبر آخرالزمان محمد عربیؐ سمیت تمام مقدس ہستیوں کے احترام کو یقینی بنانے کے لیے آئندہ ہفتے بروز بدھ وارلڈ مسلم فیڈریشن کے زیراہتمام ایک پروقار تقریب کا انعقاد ہوگا جس میں آن لائن پٹیشن سائن کرنے کے لیے لانچ کی جائے گی، جس میں حکومت برطانیہ سے ہائوس آف پارلیمنٹ اور ہائوس آف کامن میں بحث کا مطالبہ کیا جائے گا۔ اس حوالے سے انتہائی اہم اجلاس وارلڈ مسلم فیڈریشن (WMF) ڈائریکٹر WMFعلامہ پیر منور حسین شاہ جماعتی، ڈائریکٹر علامہ سید ظفر اللہ شاہ اور وارلڈ مسلم فیڈریشن کے مقرر کیے گئے میڈیا کوآرڈینیٹر صاحبزادہ محمد رفیق چشتی سیالوی نے اجلاس میں شریک ہوکر آئندہ کے اہم اجلاس کے حوالے سے فیصلے کیے۔ ورلڈ مسلم فیڈریشن کے ڈائریکٹر اول پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کہا کہ برطانوی اقدار انتہائی اہم ہیں یہاں سے کبھی بھی ہیٹ سپیچ کا ایشو سامنے نہیں آیا۔ یہاں پر مختلف کمیونٹیز آباد ہیں اور ایک طویل عرصہ سے آپس میں گھل مل کر رہ رہے ہیں۔ ہم برطانوی اقدار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ڈائریکٹر دوئم علامہ سید ظفر اللہ شاہ کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتہ کو ہیٹ سپیچ سوشل میڈیا پر نفرت انگیزی کے خاتمے کے لیے ایک الیکٹرانک پٹیشن سائن کرنا مقصود ہے یعنی کہ پٹیشن لانچ کی جائے گی۔ لانچنگ ڈے کے موقع پر برطانیہ بھر سے علما، مشائخ، مذہبی سکالرز، وکلا، بیرسٹرز، کمیونٹی رہنمائوں کی کثیر تعداد شریک ہوگی۔ یاد رہے کہ پٹیشن پر دس ہزار دستخط ہونے سے پٹیشن پرحکومت غور کرتی ہے اور ایک لاکھ دستخط ہونے پر پارلیمنٹ میں بحث کے لیے منظور کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ جتنا جلدی ممکن ہوسکے لانچنگ کے فوری بعد ہر جگہ مقام پر اس پٹیشن کو پھیلا دیا جائے۔ ورلڈ مسلم فیڈریشن کے میڈیا کوآرڈینیٹر صاحبزادہ محمد رفیق چشتی کا کہنا تھا کہ میڈیا کے اس تیز ترین دور میں ہمیں استفادہ کرکے اس اہم ترین پٹیشن کو آگے لے کر چلنا ہے۔ تاکہ برطانیہ کی پارلیمنٹ میں بحث کی منظوری کے بعد اس کا دائرہ کار یورپین پارلیمنٹ اور یورپین ممالک تک پھیلایا جاسکے۔

تازہ ترین