• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاروباری شخصیات پر مشتمل سی پیک بزنس ایڈوائزری کونسل بنانے کا فیصلہ، مغربی روٹ کو ترجیح دی جائے گی، عمران خان

اسلام آباد (نمائندہ جنگ، خبر ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک ) عمران خان نے کاروباری شخصیات پر مشتمل سی پیک بزنس ایڈوائزری کونسل بنانے کافیصلہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ مغربی روٹ کو ترجیح دی جائیگی،وزیر اعظم نے خصوصی اقتصادی زونزکی جلد تعمیر کیلئے سفارشات ایک ماہ میں طلب کرلیں، وزیراعظم کی زیرصدارت نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ سے متعلق اجلاس بھی ہوا جس میں اس منصوبے کا پیش رفت جائزہ لیاگیا، عمران خان نے عوامی شکایات پرعملدرآمد میں کوتاہی پر بھی نوٹس لیا۔ ادھر وزیر اعظم عمران خان نے صدر جنرل اسمبلی سے ملاقات میں مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کیا، دوسری جانب وزیر اعظم سے امریکی ری پبلکن پارٹی کے کارکن ساجد تارڑ اور جیسی سنگھ نے ملاقات کی جس میں پاک امریکا سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کےمطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں سی پیک کاروباری مشاورت کونسل قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سے خصوصی اقتصادی زونز کے جلد تعمیر کیلئے سفارشات ایک ماہ میں طلب کر تے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں پر کام تیز کیا جائے،سی پیک منصوبوں کی جلد تعمیر سے سماجی اور معاشی ترقی کے مواقعے پیدا ہوں گے، اس موقع پر صنعتی تعاون، خصوصی اقتصادی زونز، ریلوے کی مین لائن ایک، زرعی ترقی، انفرااسٹرکچر ترقی، گوادر کے منصوبوں اور سماجی اور معاشی ترقی پر پاک چین تعاون پر بھی غور کیا گیا۔ادھر وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ میں اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلے میں کئے جانیوالے قانونی اور انتظامی اقدامات کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت اورفورکلوژر لاز کے حوالے سے بھی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا، وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ اٹارنی جنرل کی معاونت سے فورکلوژر لاز کو حتمی شکل دی جائے، ہائوسنگ پراجیکٹ کی پیش رفت سے عوام کو مسلسل آگاہ رکھا جائے،اجلاس میں بیرون ملک سے آنے والے سرمایہ کاروں کی رہنمائی اور معاونت کیلئے بورڈ آف انو یسٹمنٹ میں ہائوسنگ پراجیکٹ کیلئے خصوصی سیل کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔مزید برآںوزیراعظم کے سیکریٹری اعظم خان کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق وزیراعظم نے پی ایم شکایتی سیل میں تمام حل شدہ شکایات کا ازسر نو جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے ،مراسلےمیں کہا گیا ہے کہ شہریوں کو شکایات کے سلسلے میں ملنے والی تکلیف کے لئے معذرت کی جائے،تمام چیف سیکرٹریز کو ایک ماہ کے اندر شکایات سے متعلق سرٹیفکیٹ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ ادھر وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی صدر کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کراتے ہوئے اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی رپورٹ میں سفارش کردہ ان خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے جلد کمیشن آف انکوائری تشکیل دینے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا ایسپینوسا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعہ کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے غیر مراعات یافتہ اور کمزور طبقات کو بااختیار بنانے کیلئے ماریہ فرنینڈا کی قیادت اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ترجیحات حکومت کے اس ایجنڈے کے ساتھ ہم آہنگ ہے جس کا محور عوام ہیں۔

تازہ ترین